پہلا ون ڈے زمبابوین ٹیم بنگلہ دیشی حصار سے نکلنے میں ناکام

121 رنز سے شکست، ضیاالرحمان کی 5 وکٹیں، ناصر حسین نے نصف سنچری بنائی

پہلا ون ڈے: بنگلہ دیشی بیٹسمین ناصر حسین کا جارحانہ اسٹروک، انھوں نے نصف سنچری بنائی۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسرے ٹیسٹ کے بعد پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی زمبابوین ٹیم بنگلہ دیشی حصار سے نکلنے میں ناکام رہی، مہمان سائیڈ نے 121 رنز سے کامیابی حاصل کر کے تین میچز کی سیریز میں برتری حاصل کرلی۔

مین آف دی میچ ضیاالرحمان کیریئر کے چوتھے میچ میں 5 وکٹیں لے اڑے، ناصر حسین نے ففٹی بنائی، بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی میزبان پلیئرز مکمل طور پر ناکام رہے اور 270 کا تعاقب کرتے ہوئے 148 پر ڈھیر پویلین لوٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق فتح کیلیے 270 کا ہدف پانے والی زمبابوین ٹیم کو ضیا الرحمان کے پے درپے حملے فتح سے دور لے گئے، ضیا نے 30 رنز دیکر 5 وکٹیں لیں، اوپنر ریگس چاکابوا (1) اور پاکستانی نژاد بیٹسمین سکندر رضا (3) کے جلد میدان بدر ہونے پرکپتان ٹیلر کے 33 اور ہیملٹن مساکیڈزا کے 38 رنز کی بدولت میزبان سائیڈ نے کچھ ہمت دکھائی، عبدالرزاق کی گیند پر ٹیلر کے آؤٹ ہونے سے مہمان بولرز حاوی ہوگئے، 93 پر سین ولیمز(10) کا رن آؤٹ زمبابوے کی تباہی کا نقطہ آغاز بنا۔




اسی مجموعے پر چار وکٹیں گرگئیں اور اسکور یکدم 93/7 ہوگیا،ان میں سے تین شکار ضیا نے کیے، ہیملٹن مساکیڈزا کو ٹھکانے لگانے کے بعد انھوں نے ایلٹن چگمبرا اور پراسپر اتسیا کو صفر کی خفت سے دوچار کیا، میلکولم ویلر (19) اور تناشے پین یانگرا (صفر) بھی ان کا شکار بنے، شینگی مساکیڈزا(33) کے آؤٹ ہوتے ہی بنگلہ دیشی پلیئرز نے فتح کا جشن منانا شروع کردیا، اس سے قبل مہمان ٹیم نے 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 269رنز اسکور بورڈ پر سجائے، تمیم اقبال (27) اور محمد اشرفل (29) نے پہلی وکٹ کیلیے 65 کی شراکت بنائی۔

درمیان میں وقتی طور پر بیٹنگ میں زوال آنے کے بعد ناصر نے 68 رنز بنا کر اننگزکو سنبھالا دیا، انھوں نے مومن الحق(38) کے ہمراہ 76 اور پھر محمود اللہ(36) کے ہمراہ44رنز کی پارٹنر شپ بنائیں، شنگیری مساکیڈزا نے 51رنز دیکر4وکٹیں لیں، زمبابوے کے بولرز نے 36رنز ایکسٹراز کی صورت میں دیے، اس میں 18 وائیڈز بھی شامل تھیں۔
Load Next Story