افغانستان کے صالح محمد ایشین اسنوکر چیمپئن بن گئے

5 برس بعد پاکستان آکر اچھا لگا، اب پروفیشنل مقابلوں میں حصہ لینے کا ارادہ ہے، صالح


Sports Reporter May 04, 2013
کراچی: ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے فاتح افغان کیوئسٹ صالح محمد ٹرافی تھامے مسکرا رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

افغانستان کے صالح محمد شام کے عمر الکوجہ کو شکست دے کر ایشین اسنوکر چیمپئن بن گئے۔

پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے تحت کراچی کے مقامی ہوٹل میں اختتام پذیر ہونے والی 29 ویں چیمپئن شپ کے فائنل میں عمر نے پونے پانچ گھنٹے تک مقابلہ کیا، ماضی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے اور 2003 کی عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے والے 40 سالہ صالح محمد نے اپنے حریف کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھائی، انھوں نے13 فریمز پر مشتمل فائنل میں انتہائی مہارت اور ذہانت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے 7-2 سے کامیابی حاصل کی۔

عمر نے پہلا فریم 83-4 سے جیتا مگر صالح محمد نے اگلے دونوں فریمز اپنے نام کر کے مقابلہ 2-1 کردیا، نوجوان عمر نے چوتھے فریم میں 61-57 سے فتح پاکر گیم میں آنے کی کوشش کی مگر صالح محمد نے اگلے 5 فریمز میں اپنی سبقت دکھاکر ٹائٹل جیت لیا، انھیں ٹرافی اور 7ہزار ڈالرز کا انعام دیا گیا،عمر الکوجہ نے رنر اپ ٹرافی اور ساڑھے تین ہزار ڈالرز وصول کیے،سیمی فائنل تک رسائی پانے والے ایران کے عامر سرکوش اور چین کے زاو ین تانگ کو1،1ہزار ڈالرز ملے، زاو ین تانگ نے 136 کا سب سے بڑا بریک کھیلنے پر مزید 1 ہزار ڈالرز اپنے نام کیے۔



دریں اثناء چیمپئن شپ جیتنے کے بعد صالح محمد نے کہا کہ یہ اعزاز حاصل کر کے بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، ایونٹ کے لیے خوب پریکٹس کی اور اچھی فارم میں بھی تھا، کوالیفائنگ راؤنڈ تک دباؤ رہا مگر ناک آؤٹ میں پہنچنے کے بعد کامیابی کی امید بندھ گئی تھی، کابل میں رہائش پذیر صالح محمد نے کہا کہ فائنل میں حریف کو کسی بھی لمحے آسان نہیں سمجھا اور مکمل توجہ سے کھیلتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔

ماضی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے صالح محمد نے کہا کہ 5 برس بعد پاکستان آکراچھا لگا، وطن واپس گیا تو افغان حکومت نے خیر مقدم کیا اور زمین انعام میں دی، اسنوکر پارلر کے مالک صالح محمد نے کہا کہ اب میرا پروفیشنل اسنوکر میں حصہ لینے کا ارادہ ہے جس کے لیے بھرپور پریکٹس کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں