رینکنگ ٹینس عقیل خان نے مینز ٹائٹل اپنے نام کرلیا

فائنل میں جلیل کو شکست، گرلز سنگلز ایونٹ میں ماہین نے کامیابی حاصل کی

فائنل میں جلیل کو شکست، گرلز سنگلز ایونٹ میں ماہین نے کامیابی حاصل کی۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

قومی چیمپئن عقیل خان نے آسان مقابلے کے بعد اپنے چھوٹے بھائی جلیل خان کو6-4اور6-2 سے ہرا کر رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ کا مینز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کرلیا، گرلز سنگلز ایونٹ میں ماہین دادا نے کامیابی حاصل کی۔

انھوں نے فائنل میں حانیہ نوید کو 6-4 اور6-1 سے ہرایا، سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے تحت کراچی جیمخانہ میں اختتام پزیر ہونے والے ایک لاکھ روپے مالیت کے ایونٹ میں کامیابی پانے والے عقیل نے وننگ ٹرافی کے ساتھ 25 ہزار روپے کا انعام بھی حاصل کیا، جلیل خان کو رنر اپ ٹرافی کے ساتھ 15 ہزار روپے ملے،انڈر 17 سنگلز کا ایونٹ طحہٰ زبیر کے نام رہا جنھوں نے فائنل میں رضا سوانی کو6-4 اور 6-3 سے زیر کر لیا،رضا کو انڈر15 سنگلز کے فائنل میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، داور ریحان6-1 اور6-4 سے کامیاب رہے،مراد اور نازف نے عقیل اور حسن کو8-6 سے ہرا کر انڈر 15 ڈبلز ٹائٹل حاصل کر لیا۔




انڈر11 سنگلز کے فیصلہ کن معرکے میں ایم دادا نے امین شاہ کو9-7 سے ہرایا، انڈر9 سنگلز کا ٹائٹل یحییٰ نے عبداللہ خان کو 8-0 سے زیر کر کے پایا،آخر میں مہمان خصوصی ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے انعامات تقسیم کیے،پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر خالد رحمانی نے استقبالیہ کلمات ادا کیے جبکہ سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے صدراورسابق ڈیوس کپ کپتان خواجہ سعید حئی نے اظہار تشکر کیا، اس موقع پرکراچی ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر گلزار فیروز اورسیکریٹری سرور حسین سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔
Load Next Story