یورپا لیگ چیلسی کی تاریخ کے پہلے فائنل میں رسائی

سوئس سائیڈ ایف سی باسل کو پہلے ہاف میں برتری کے باوجود1-3 سے شکست


AFP May 04, 2013
یورپا لیگ : سوئس کلب ایف سی باسل کیخلاف سیمی فائنل سیکنڈ لیگ میں چیلسی کے برازیلین کھلاڑی ڈیوڈ لوئز ٹیم کا تیسرا گول کررہے ہیں۔ فوٹو: رائٹرز

چیلسی نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ یورپالیگ فائنل میں رسائی حاصل کرلی، سیکنڈ لیگ سیمی فائنل میں انگلش کلب نے سوئس سائیڈ ایف سی باسل کو پہلے ہاف میں خسارے میں جانے کے باوجود3-1 سے مات دی۔

فرسٹ لیگ میں2-1 سے چیلسی کو کامیابی ملی تھی، اس طرح اس نے 5-2 کے ایگریگیٹ کے ساتھ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا، سیکنڈ لیگ میں ایف سی باسل کا واحد گول کھیل کے 45ویں منٹ میں محمد صالح نے بنایا،دوسرے ہاف میں چیلسی کی جانب سے فرنانڈو ٹوریس، وکٹر موسس اور ڈیوڈ لوئز نے گیند کو جال میں پہنچایا، فائنل 15 مئی کو بینفشا سے ہوگا، پرتگالی کلب نے سیمی فائنل سیکنڈ لیگ میں ترک سائیڈ فینربیک کو 3-1 سے شکست دے کر فیصلہ کن معرکے میں رسائی پائی،پیراگوئن اسٹرائیکر اوسکر ڈی لاز نے2 گول بناکر میچ کے ہیرو کا درجہ حاصل کیا جبکہ ٹیم کا تیسرا گول نکولس کے نام رہا۔



ترک سائیڈ نے فرسٹ لیگ میں 1-0 سے کامیابی پائی تھی تاہم ایگریگیٹ پر2-3 سے ناکامی کا سامنا رہا، چیلسی کی ٹیم تیسری کوشش میں خوش قسمت ثابت ہوئی، اس سے قبل لیگ کپ اور ایف اے کپ کے سیمی فائنل میں اس کا سفر تمام ہوگیا تھا، دوسری جانب باسل کسی بڑے یورپین ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی سوئس ٹیم بننے کی کوشش میں ناکام رہی، دریں اثنا چیلسی کے عبوری کوچ رافیل بینٹیز آزمائشی سیزن کا اختتام اپنے کیریئر کا دوسرا یورپا لیگ ٹائٹل جیت کر کرنے کے خواہشمند ہیں، انھوں نے 2004 میں ویلنشیا کو بھی اس ٹرافی کا حقدار بنوایا تھا، ان کا فوری ہدف لیگ کے ذریعے چیلسی کو چیمپئنز لیگ میں واپس لانا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں