شریف خاندان كے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس كی سماعت فیصلہ کچھ دیربعد

نوازشریف نے احتساب عدالت میں فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست دائر کررکھی ہے


ویب ڈیسک July 05, 2018
نواز شریف نے اس مقدمے کا فیصلہ موخر کرنے کے لیے درخواست دائر کی ہوئی ہے (فوٹو : فائل)

احتساب عدالت کی جانب سے شریف خاندان كے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس كا فیصلہ آج سنایا جائےگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت كے جج محمد بشیرایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آج سنائیں گے، یہ فیصلہ انہوں نے 3 جولائی كو محفوظ كیا تھا۔ اس ضمن میں احتساب عدالت ملزمان کو آج پیش ہونے کے لیے نوٹسز جاری کرچکی ہے اورفیصلہ سنائے جانے کے موقع پرانہیں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کرچکی ہے۔

اس موقع پرسیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کیے گئے ہیں جب کہ عدالت جانے والے تمام راستے عام ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

یہ پڑھیں: شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ

واضح رہے کہ ریفرنس میں نواز شریف، مریم، حسن اور حسین نواز کے ساتھ کیپٹن (ر) صفدر بھی ملزم نامزد ہیں۔ نواز شریف، ان کی بیٹی مریم اور داماد کیپٹن (ر) صفدر عدالت میں پیش ہوتے رہے تاہم حسن اور حسین نواز پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے عدم حاضری کی بنا پر انہیں اشتہاری قرار دیا۔

نواز شریف سمیت تمام ملزمان کے خلاف مقدمات میں نیب کی دفعہ نائن اے لگائی گئی ہے جو رقوم اور تحائف کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق ہے۔اس جرم کی سزا 14 سال قید ہے۔ مریم نواز کے خلاف جعلی دستاویزات کے الزام میں ایک اور سیکشن 31 اے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جس میں سزا 3 سال قید ہے۔

دریں اثنا نوازشریف نے اس مقدمے کا فیصلہ آج سنانے کے خلاف درخواست دائر کی ہوئی ہے جس میں اپیل کی گئی ہے کہ کیس کا فیصلہ سنانے کی تاریخ موخر کی جائے، عدالت نے یہ درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ہے اور آج فیصلہ سنانے سے قبل اس درخواست کی سماعت ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔