ڈرون کی تیاری استعمال اور خریدوفروخت پر پابندی لگائی جائے اقوام متحدہ

تمام ممالک قومی سطح پرقدم اٹھائیں،حقوق انسانی کونسل،ڈرونزاندھادھندمارتے ہیں، خودمختاری متاثر ہوتی ہے


INP/Online/ May 04, 2013
تمام ممالک قومی سطح پرقدم اٹھائیں،حقوق انسانی کونسل،ڈرونزاندھادھندمارتے ہیں، خودمختاری متاثر ہوتی ہے، ڈرونزکاشکارممالک کا موقف. فوٹو: رائٹرز

اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق نے ایک رپورٹ کا مسودہ تیار کیاہے جس میں ڈرون طیاروں کی تیاری، استعمال اور خریدوفروخت پر کسی متفقہ فریم ورک کی تیاری تک کے لیے پابندی عائدکرنے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی امریکی شہر نیویارک سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل کی اس رپورٹ کے مسودے میں ڈرونز کے استعمال کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف وزری قرار دیتے ہوئے انھیں فی الحال معطل کرنے کا مشورہ دیا گیاہے۔ رپورٹ کے مطابق لیتھل آٹونومس روبوٹکس (LARs)یا ڈرونز کے استعمال سے امن اور جنگ دونوں ہی کے دوران انسانی زندگی کے تحفظ کے حوالے سے شدید خدشات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ میں درج ہے کہ اس کے علاوہ ان ڈرونز کی تعیناتی ناقابل قبول ہے کیونکہ اس سلسلے میں قانونی جوابدہی کا کوئی نظام وضع نہیں کیا جاسکتا اور اس لیے بھی کہ کسی روبوٹ کے اندر ایسی طاقت نہیں ہوتی کہ وہ زندگی یا موت کے بارے میں کوئی فیصلہ کرسکے یا قدم اٹھاسکے۔



اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل کی اس رپورٹ کے مسودے میں مطالبہ کیا گیاہے کہ تمام ممالک ڈرونز کی پیداوار، آزمائشی پروازوں، خریدوفروخت سمیت ان کے استعمال کے خلاف قومی سطح پر قدم اٹھائیں پابندی عائد کریں۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق کونسل کی جانب سے اس 22صفحاتی رپورٹ کا مسودہ چند ممالک کی شکایات کے بعد تیارکیا گیاہے جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ ان ملکوں کا موقف ہے کہ ڈرون حملے نہ صرف لوگوں کو اندھا دھند مارتے ہیں بلکہ ایسے حملوں سے ان ملکوں کی قومی خودمختاری بھی متاثر ہوتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں