شاہین شاہ آفریدی نے عبدالرزاق کا دل بھی جیت لیا

نوجوان بولر نے موقع ملتے ہی اپنی صلاحیتوں کا واضح اظہار کردیا،سابق آل راؤنڈر


نبیل طاہر July 06, 2018
نوجوان بولر نے موقع ملتے ہی اپنی صلاحیتوں کا واضح اظہار کردیا،سابق آل راؤنڈر۔ فوٹو فائل

شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف تباہ کن بولنگ سے سابق اسٹار آل راؤنڈر عبدالرزاق کا دل بھی جیت لیا، ان کا کہنا ہے کہ نوجوان بولر نے موقع ملتے ہی اپنی صلاحیتوں کا واضح اظہار کردیا۔

شاہد شاہ آفریدی زمبابوے میں جاری ٹرائنگولر سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پاکستان کی 45 رنز سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، انھوں نے اپنے اسپیل کی دوسری ہی گیند پر ان فارم آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کو آؤٹ کرنے سمیت 37 بالز پر 3 وکٹیں لیں۔

''ایکسپریس ٹریبیون'' سے گفتگو میں عبدالرزاق نے شاہین کی بولنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ تین سیریز سے ٹیم کے ساتھ سفر کررہے تھے مگر اب ان کو موقع ملا جس سے انھوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا، وہ بھی کچھ ماہ قبل ہی 18 برس کے ہوئے ہیں مگر بولنگ کسی منجھے ہوئے بولر کی طرح کررہے ہیں یہ ان کی سخت محنت کا ثبوت ہے، وہ کافی باصلاحیت اور ذہین ہونے کے ساتھ بیٹسمین کو پریشان کرنے کا گر جانتے ہیں۔

عبدالرزاق نے کہا کہ شاہین شاہ نے وہی کیا جو ان سے کپتان چاہتے تھے، انھوں نے پاکستان ٹیم کے سب سے بڑے خطرے فنچ کو آؤٹ کیا اور میچ کا رخ بدل دیا۔ سابق آل راؤنڈر نے بیٹنگ لائن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کینگروز سے گذشتہ میچ میں پاکستانی بیٹسمین باؤنسرز سے ڈیل نہیں کرپائے تھے مگر اس بار انھوں نے زیادہ عمدگی سے سامنا کیا، خاص طور پر فخر زمان کی پرفارمنس شاندار رہی۔

نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیم میں انٹری کے بارے میں عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ یہ اچھی بات ہے کہ نوجوان پلیئرز ٹیم میں آرہے اور پرفارم کررہے ہیں، صاحبزادہ فرحان نے ابھی صلاحیتوں کا اظہار نہیں کیا تاہم میں سمجھتا ہوں کہ وہ فائنل میں حارث سہیل کا اچھا متبادل ثابت ہوسکتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں