ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی پاکستان اور بھارت 20 اکتوبر کو مدمقابل

افتتاحی میچ 18تاریخ کو ملائیشیا اور جاپان کے درمیان مسقط میں ہوگا، ہر ٹیم پہلے راؤنڈ میں 5 میچزکھیلے گی۔


Sports Reporter July 06, 2018
افتتاحی میچ 18تاریخ کو ملائیشیا اور جاپان کے درمیان مسقط میں ہوگا، ہر ٹیم پہلے راؤنڈ میں 5 میچزکھیلے گی، 27اکتوبر کو سیمی فائنلز۔فوٹو: فائل

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا جب کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 20 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گی۔

ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کے بعد ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا اعلان بھی کر دیا گیا، ایشیائی ایونٹ 18 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک اومان کے دارالحکومت مسقط کے سلطان قابوس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں دفاعی چیمپئن بھارت سمیت ملائیشیا، پاکستان، جنوبی کوریا، جاپان اور اومان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شریک ٹیموں میں بھارت عالمی رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ ملائیشیا 12ویں، پاکستان 13ویں، جنوبی کوریا 14ویں، جاپان 16ویں اور اومان کی ٹیم 32 ویں پوزیشن پر موجود ہے، ایشین ہاکی فیڈریشن کی طرف سے جاری ابتدائی شیڈول کے مطابق ایونٹ کا حصہ بننے والی ہر ٹیم 18 سے25 اکتوبر تک شیڈول پہلے راؤنڈ میں 5،5 میچز کھیلے گی، ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل تک کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہیں گی، دونوں مقابلے27 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کی آخری 2 ٹیمیں پانچویں اور چھٹی پوزیشن کا میچ28 اکتوبر کو کھیلیں گی۔

افتتاحی روز 2 میچز کھیلے جائیں گے، ملائیشیا کی ٹیم جاپان کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ دوسرے میچ میں بھارت اور اومان کی ٹیمیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی، 19 اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ کوریا کے ساتھ ہوگا جبکہ اومان کی ٹیم ملائیشیا کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔ روایتی حریف بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں 20 اکتوبر کو ایک دوسرے کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیںگی، اسی روز کوریا کا میچ جاپان کے ساتھ ہوگا۔

اگلے روز صرف بھارت کا جاپان کے ساتھ مقابلہ ہوگا، 22 اکتوبر کو 2 میچز رکھے گئے ہیں، ملائیشیا کی ٹیم کوریا کے خلاف نبرد آزما ہوگی جبکہ پاکستانی ٹیم کا ٹاکرا میزبان اومان کے ساتھ ہوگا۔ 23 اکتوبر کو پہلا میچ کوریا اور اومان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ ملائیشیا کا میچ بھارت کے ساتھ شیڈول ہے، 24 اکتوبر کو جاپان کی ٹیم پاکستان کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ بھارت کا میچ کوریا کے ساتھ ہوگا، 25 اکتوبر کو پاکستان کا میچ ملائیشیا کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ جاپان کی ٹیم اومان کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔

یاد رہے کہ پہلی ایشین چیمپئنز ٹرافی2011 میں چین میں کھیلی گئی، قطر، جاپان اور ملائیشیا ایونٹ کی میزبانی کرچکی ہیں، پاکستان اور بھارت کو سب سے زیادہ 2،2 بار ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل ہے، پاکستان نے 2012 اور 2013 میں ٹرافی اپنے نام کی جبکہ بھارت نے2011 اور 2016 میں ٹائٹلز جیتے، بھارت نے آخری ٹائٹل ملائیشیا کے شہر کوآنٹن میں پاکستان کو ہراکر حاصل کیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں