بھارت کیخلاف کیس مضبوط بنانے کی کوششیں تیز

برطانوی وکلا سے ملاقات کیلیے چیئرمین پی سی بی آج لندن روانہ ہوںگے


Saleem Khaliq July 06, 2018
بورڈز نے تحریری بیانات جمع کرانے کے بعدایک دوسرے سے کاغذات مانگ لیے۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے بھارت کیخلاف کیس مضبوط بنانے کی کوششیں تیز کر دی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ''بگ تھری'' کی حمایت کے بدلے پاکستان سے2014 میں 6 باہمی سیریز کا معاہدہ کیا تھا، اس دوران 2015 سے2023تک14 ٹیسٹ،30 ون ڈے اور12 ٹی 20میچز کھیلے جاتے، مگر بھارت نے اس وعدے کو وفا نہ کیا، بعد میں ''بگ تھری'' کا بھی خاتمہ ہوگیا۔

پاکستان نے مالی خسارے کو جواز بناتے ہوئے رواں سال جنوری میں بھارتی بورڈ کیخلاف70 ملین ڈالر زرتلافی کا کیس کیا تھا، جس میں برطانوی وکلا معاونت کر رہے ہیں، ان سے ملاقات کیلیے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی جمعے کو لندن روانہ ہوں گے، وہاں سی او او سبحان احمد بھی معاونت کیلیے موجود رہیں گے،اس موقع پر کیس مضبوط بنانے کیلیے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ دونوں بورڈز نے تحریری بیانات جمع کرا دیے، اب ایک دوسرے سے کاغذات مانگے گئے ہیں، ان کا مطالعہ کرنے کے بعد جواب جمع کرائے جائیں گے، آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی یکم سے 3 اکتوبر تک دبئی میں سماعت کے دوران کیس کا فیصلہ کرے گی،اس کیلیے مائیکل بیلوف کی سربراہی میں پینل تشکیل دیا جا چکا جس کے دیگر ارکان جان پولسن اور انابیل بینیٹ ہیں، ان کے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا جا سکے گا اور دونوں بورڈز ماننے کے پابند ہوںگے۔ پی سی بی کو یقین ہے کہ فتح اسی کی ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں