اقتدار ملا تو سب سے پہلے بجلی کا بحران حل کریں گےمریم نواز

عوام کومسلم لیگ(ن) پر اعتماد ہے،پنجاب میں تھرڈ فورس کا تعین11مئی کوہوگا


Monitoring Desk May 04, 2013
اگلے وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصلہ پارٹی کریگی،بات سے بات میں ماریہ ذوالفقار سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ(ن) کے سربراہ میاں نوازشریف کی بیٹی اور مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نوازشریف نے کہاہے کہ مسلم لیگ(ن) واضح اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

عوام مسلم لیگ(ن) پر اعتماد کرتی ہے، انشاء اللہ حکومت میں آنے کے بعد ن لیگ سب سے پہلے بجلی کا بحران حل کرے گی۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام بات سے بات میں میزبان ڈاکٹرماریہ ذوالفقارخان سے گفتگو میں مریم نواز نے کہاکہ میں نے خود ذاتی طورپر فیصلہ کیاکہ میں اس مرتبہ پارٹی کی انتخابی مہم چلائوںگی اور اگلی دفعہ الیکشن لڑوںگی۔ اس مرتبہ خواتین روایتی رول سے نکل کر قومی سطح پر بھی اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔ پنجاب میں تھرڈفورس کا پتا تو 11مئی کوہی چلے گا۔ جن حلقوں میں میں گئی ہوں، وہاں تحریک انصاف کی کوئی موو نہیں دیکھی۔ جب کیپٹن صفدر کی پارٹی رکنیت معطل کی گئی تو میں نے ان کوسپورٹ نہیں کیا اور میرے شوہر نے بھی اس پر کوئی اعتراض نہیںکیا تھا۔ کوئی بھی سمجھ دار سیاستدان دعویٰ نہیں کرتا لیکن مجھے یقین ہے اور نظر بھی آرہاہے کہ پی ایم ایل این کامیاب ہوگی۔ ہم نے پچھلے 5سال میں عوام کی خدمت اور اب اپنی انتخابی مہم میں کوئی کسر نہیں رہنے دی۔



حمزہ شہباز میرا چھوٹابھائی ہے، وہ میرا سگی بہنوں سے زیادہ احترام کرتاہے، وہ بہت ٹیلنٹڈ ہے اور اگلے وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصلہ انتخابات کے نتائج کے بعد پارٹی کرے گی۔ یہ بات درست ہے کہ پاکستان میں دھڑے بندی اور برادریوں کی سیاست بہت زیادہ ہے اس لیے کئی مقامات پر الیکٹ ایبلز پر بھروسا کرنا پڑتاہے۔ جن خواتین نے ٹکٹوں کے لیے درخواست دی تھی ان کو پارٹی نے ٹکٹ دیے ہیں۔ سی ایم پنجاب نے ڈنگی وائرس کے خلاف جو خدمات دی ہیں وہ مثالی ہیں اور دنیا کے کسی بھی ملک میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ ن لیگ نے ڈنگی کے خاتمے کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جس کی وجہ سے یہ وائرس ختم ہوا۔ پی ایم ایل این میں ٹکٹوں کی تقسیم بہت شفاف انداز میں کی گئی۔ اس سے زیادہ منصفانہ تقسیم نہیں ہوسکتی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں