آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل فواد حسن فواد ریمانڈ پر نیب کے حوالے

فواد حسن فواد کو ریمانڈ ختم ہونے کے بعد دوبارہ پیش کیا جائے، عدالت کا حکم

فواد حسن فواد کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال پراجیکٹ اسکینڈل میں نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو 19 جولائی تک ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔

نیب نے فواد حسن فواد کو آشیانہ اقبال پراجیکٹ اسکینڈل میں احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کے روبرو پیش کیا گیا۔ نیب کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزم کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق سرکاری طور پر کنٹریکٹ حاصل کرنیوالے چوہدری لطیف اینڈ سنز کا ٹھیکہ معطل کروایا گیا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اس لیے ملزم کو 15 روز کے لیے نیب کی تحویل میں دیا جائے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : نوازشریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد گرفتار

فواد حسن فواد کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف نیب کی کاروائی نہیں بنتی، کل دو پہر 2 بجے فواد حسن فواد کو گرفتار کیا گیا، اس وقت سے اب تک ایک بھی شہادت ریکارڈ نہیں کی گئی، فواد حسن فواد کی طبیعت خراب ہے عدالت میڈیکل کرانے کا حکم دے۔ فواد حسن فواد نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ میرا کام صرف چیف منسٹر کے آرڈر پر عملدرآمد کروانا تھا، میں نے کسی کے کنٹریکٹ کو معطل کرنے کا حکم نہیں دیا لیکن جنہوں نے بےضابطگیاں کیں ان کے الزام میں مجھے گرفتار کر لیا گیا۔

فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نے ملزم فواد حسن فواد کو 19 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا، عدالت نے نیب کو ہدایت کی کہ 19 جولائی کو ملزم کو دوبارہ پیش کیا جائے۔
Load Next Story