مجھے اچھے کردار نہیں ملے تشار کپورکا شکوہ

’’کیا سُپر کول ہیں ہم‘‘ کی پروڈیوسر ، تشار کپور کی بہن ایکتا کپور ہیں۔


Muhammad Imran August 12, 2012
فوٹو فائل

ISLAMABAD:
تشار کپور کا کیریر اگرچہ نشیب و فراز سے دوچار رہا ہے لیکن بہ طور اداکار اس کا سفر، آغاز ہی سے بلندیوں کی جانب گام زن ہے۔ بارہ برس قبل فلم انڈسٹری کا رُخ کرنے والا یہ نوجوان اب ایک منجھے ہوئے اداکار میں ڈھل چکا ہے۔ اسے تشار کی بدقسمتی ہی کہا جاسکتا ہے کہ اس کی شخصیت میں وہ کشش نہیں کہ ناظرین اسے سولو ہیرو کے طور پر قبول کرسکیں۔ اس لیے اس کی توجہ ملٹی اسٹار کاسٹ پر مبنی فلموں پر ہے اور اس کی یہ حکمت عملی کام یاب بھی رہی ہے۔

تشار نے اس قسم کی جتنی فلموں میں اداکاری کی ہے ان میں سے بیشتر ہٹ رہی ہیں۔ ''کیا سُپرکُول ہیں ہم'' ہٹ فلموں کی اس فہرست میں تازہ اضافہ ہے۔ یہ فلم چند برس قبل ریلیز ہونے والی ''کیا کُول ہیں ہم'' کا سیکوئل ہے۔ تشار کو توقع تھی کہ یہ فلم پسند کی جائے گی۔ اس بارے میں اداکار کا کہنا ہے،'' کیا کُول ہیں ہم کی شان دار کام یابی کے بعد یہ فلم ایک برانڈ بن گئی تھی۔ اور مجھے امید تھی کہ اس کا دوسرا حصہ بھی اسی طرح ناظرین کی توجہ حاصل کرے گا۔ اس فلم کی کام یابی کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ یہ تفریح سے بھرپور فلم ہے۔ اور اس طرح کی فلمیں عام طور پر پسند کی جاتی ہیں۔''

''کیا سُپر کول ہیں ہم'' کی پروڈیوسر ، تشار کپور کی بہن ایکتا کپور ہیں۔ اس طرح یہ فلم تشار کپور کی ہوم پروڈکشن ہے۔ '' کیا کول ہیں ہم'' 2005ء ریلیز ہوئی تھی۔ دونوں فلموں کے درمیان سات سال طویل وقفے کی وجہ بیان کرتے ہوئے تشار نے کہا،'' ہمیں اچھا اسکرپٹ نہیں مل پارہا تھا۔ ایکتا کی خواہش تھی کی سیکوئل کا اسکرپٹ 'کیا کول ہیں ہم' سے یکسر مختلف ہونا چاہیے۔ ایک روز سچن یارڈی ( ڈائریکٹر)ہمارے پاس ایک فلم کا اسکرپٹ لے کر آئے۔ اس فلم کو انھوں نے ' روڈ ٹرپ ٹو انجنا ' کا نام دے رکھا تھا۔ یہ اسکرپٹ ہمیں اتنا پسند آیا کہ ہم نے اسے ' کیا سپرکول ہیں ہم' میں بدل دیا۔''

''کیا سپرکول ہیں ہم'' میں عجیب و غریب اور ذومعنی مکالمات کی بھرمار ہے۔کیا تشار کے خیال میں یہی اس فلم کا تفریحی پہلو ہے؟ اس سوال کے جواب میں باصلاحیت اداکارنے کہا،''اس فلم میں کردار مجبوراً کچھ نہیں کرتے بلکہ ان سے سب کچھ آپ آپ ہوتا چلاجاتا ہے۔ یوں محسوس نہیں ہوتا کہ سین میں مزاح زبردستی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہی اس فلم کی خوب صورتی ہے۔ جہاں تک ذومعنی مکالمات کا سوال ہے تو یہ مزاحیہ فلم آج کی نوجوان نسل کے لیے ہے، جو اپنے جذبات بلاتکلف ایک دوسے سے شیئر کرتے ہیں۔ اسی لیے نوجوان اس فلم کو زیادہ پسند کررہے ہیں۔''

'' کیا سپرکول ہیں ہم'' میں وہ سین زیادہ پسند کیے گئے ہیں جن میں رتیش دیش مُکھ کے ساتھ تشار کی نوک جھونک ہوتی ہے۔ رتیش کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے تشارنے بتایا،''ہمارے درمیان اگرچہ زیادہ دوستی نہیں ہے اور نہ ہی ہماری زیادہ ملاقاتیں ہوتی ہیں، لیکن سیٹ پر ہم دونوں کے مابین ذہنی ہم آہنگی واقعی حیران کردینے والی ہے۔ ہم بے ساختہ اپنے ڈائیلاگ ادا کرتے ہیں اور دیکھنے والا سوچتا ہے کہ سیٹ سے باہر بھی ہمارے درمیان گہری دوستی ہوگی۔''

تشار کپور فلم انڈسٹری کے مصروف اداکاروں میں سے ایک ہے۔ اپنی زیر تکمیل فلموں پر گفتگو کرتے ہوئے اس نے کہا،'' ان دنوں میں ' شوٹ آؤٹ ایٹ وڈالا کے سلسلے میں مصروف ہوں۔ یہ فلم پچاس فی صد مکمل ہوچکی ہے اور ستمبر میں ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم میں، میں شیخ منیر کا رول کررہا ہوں۔ اس کردار پر میں نے بہت محنت کی ہے۔ ''

فلم انڈسٹری میں تشار کو بارہ سال مکمل ہوچکے ہیں۔ اتنے طویل عرصے کے باوجود بھی وہ صف اول کے ہیروز میں جگہ نہیں بناسکا۔ اس کی وجہ کیا ہے؟اس بارے میں تشار نے اپنے خیالات کا اظہار یوں کیا،'' میری بدقسمتی یہ رہی کہ مجھے اچھے کردار نہیں ملے اور کئی بار میرے کام کا کریڈٹ دوسروں نے لے لیا، لیکن اس فلم کی کام یابی کے بعد میرے کیریر نے ایک نیا موڑ لیا ہے۔ ''

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں