عمران خان آج کل آصف زرداری کے منہ بولے بھائی بنے ہوئے ہیں شہباز شریف

بلے اور تیر کا آپس میں رشتہ ہوگیاہے اور یہ رشتہ سائیکل پر سوار ہے، شہباز شریف


ویب ڈیسک May 04, 2013
لوٹ مار کی دولت سے میرے خلاف اشتہار چلائے جارہے ہیں، شہباز شریف۔ فوٹو:فائل

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان آج کل آصف زرداری کے منہ بولے بھائی بنے ہوئے ہیں، بلے اور تیر کا آپس میں رشتہ ہوگیاہے اوریہ رشتہ سائیکل پر سوار ہے۔

سیالکوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ لوٹ مار کی دولت سے ان کے خلاف اشتہار چلائے جارہے ہیں، جب ملک میں سیلاب آیا تو آصف زرداری قوم کو چھوڑ کر پیرس میں اپنے محل میں چلے گئے تھے لیکن اس دوران انہوں نے قوم کے شانہ بشانہ کھڑے کا ان کے دکھ درد کو بانٹا اورعوام کی ریلیف کے لئے اربوں روپے خرچ کئے، لاکھوں لوگوں کو وطن کارڈ جاری کئے لیکن آصف زرداری نے تو اپنے سندھی بھائیوں کا بھی ساتھ نہ نبھایا اور اب الزام تراشی کے لئے اشتہار دیئے جارہے ہیں لیکن 11 مئی کو یہی اشتہار عوام ان کے منہ پر چپکا دیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ شہباز شریف مچھروں سے ڈر گیا لیکن لوگ بھولے نہیں جب ڈینگی کی وبا پھوٹی تھی تو ان کے خادم نے جگہ جگہ کے دورے کئے ، بیرون ملک سے ماہرین بلوائے اور اس وبا پر قابو پایا لیکن اُس وقت عمران خان اسلام آباد میں مچھروں سے بچاؤ کی دوائی لگاکر غیر ملکیوں کو دعوت دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ انہوں نے میٹرو بس منصوبہ کیوں بنایا تو میں ان سے پوچھتا ہوں کہ اگر میں یہ منصوبہ نہ بناتا تو کیا وہ آصف زرداری کو ہوائی جہاز، عمران خان کو ہیلی کاپٹر اور رحمان ملک کو بلٹ پروف گاڑی دیتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے معاملے پر پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا۔ عمران خان کہتے ہیں کہ بجلی بحران کے ذمہ دار شریف برادران ہیں، 900 میگا واٹ کے نندی پور پاور منصوبے کی مشینری 2 سال سے کراچی میں پڑی ہے، کیا اس کی ذمہ داری بھی مسلم لیگ (ن) پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر وہ کہتے ہیں کہ بلے اور تیر کا آپس میں رشتہ ہوگیا ہے اور یہ رشتہ سائیکل پر سوار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں