فرانس نے یوراگوئے کو شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی

پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے یوراگوئے کو 0-2 سے شکست دی۔


Sports Desk July 06, 2018
پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے یوراگوئے کو 0-2 سے شکست دی۔ فوٹو: اے ایف پی

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے یوراگوئے کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

پہلے کوارٹرفائنل کے آغاز میں ہی دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے میں آیا،چوتھے منٹ میں یوروگوئے کے لوئیس سواریزنے موقع بنایا لیکن کرسٹیان سٹونی کک ہی نہ لگا سکے،فرانس نے 2بھرپور جوابی حملے کیے،لوکاس ہرنینڈز نے گول پوسٹ کے قریب بال گنوائی، اس کے بعد فری کک پر گریز مین کا ہیڈر بھی نشانے پر نہیں لگا۔

یورو گوئے کی فری کک بھی بے کار گئی،فرنچ کائیلن میپے نے ہیڈر پر گول کرنے کا سنہرا موقع گنوایا،مسلسل 2کارنرز سے بھی فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا،کائیلین میپے خاصے خطرناک نظر آئے لیکن اپنی ٹیم کو برتری دلانے میں ناکام رہے،دفاعی کھیل پر مجبور ہونے والے یورو گوئے کے چند حملے ڈیفنڈز نے ناکام بنا دیے۔

بالآخر کھیل کے 40ویں منٹ میں فرانس کی جانب سے ایک اچھی موو پر گریزمین نے فری کک پر گیند رافیل وارین تک پہنچائی جنھوں نے ہیڈر کے ذریعے گول داغ دیا،یوروگوئے کے جوابی حملے میں ڈیگو گوڈن نے سائیڈ سے بال باکس میں پھینکی،مارٹن سیسرز نے بڑی مہارت سے ہیڈر بھی لگایا لیکن گول کیپر ہیوگو لورس نے دائیں جانب ڈائیو لگاکر ہتھیلی کی زودار ضرب سے خطرہ ٹال دیا۔

پہلا ہاف ختم ہونے تک فرانس کی برتری برقرار رہی۔وقفے کے بعد فرنچ ٹیم نے آغاز میں ہی بال فارورڈز کے آگے پھینک دینے والے گول کیپر فرنینڈو مسلیرا کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فری کک حاصل کی، پھر کارنر بھی لیا لیکن لوئیس سواریز نے دونوں کوششیں ناکام بنا دیں،مارٹن سیسرز نے رائٹ سے اچھی موو ضرور بنائی لیکن گول پوسٹ کے قریب پہنچ کر گھبراہٹ کا شکار ہوگئے۔

یوروگوئے کو انجرڈ ہونے کی وجہ سے نہ کھیل پانے والے ایڈنسن کیوانی جیسے موثر فارورڈ کی کمی شدت سے محسوس ہوئی،کھیل کے 61ویں منٹ میں گول کیپر فرنینڈو مسلیرا نے فرانس کو ایک تحفہ پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا خسارہ دگنا کردیا، گریز مین نے دور سے ایک کک لگائی، مسلیرا نے کلیئر کرنے کی ناکام کوشش کی، بال ہتھیلی سے ٹکراتے ہوئے گول لائن پار کر گئی،کرسٹیان روڈ ریگز کو فرنچ دفاع میں شگاف ڈالنے کا موقع ملا لیکن کک نشانے پر نہ تھی۔

فرانس کو تیسرا گول کرنے کا سنہری موقع ملا لیکن کورنٹین ٹولیسونے خلا موجود ہونے کے باوجود بال باہر پھینک دی،لوئیس سواریز نے مڈفیلڈرز کو چکمہ دیدیا تھا لیکن دفاعی کھلاڑیوں کے مستعد ہونے کی وجہ سے کامیاب نہ ہوسکے،گریز مین بھی جوابی حملے میں گول پوسٹ کے قریب قابو آگئے، آخری لمحات اور انجری ٹائم میں بھی یوروگوئے نے چند موووز بنائیں، کارنرز بھی حاصل کیے لیکن فرنچ ڈیفنڈرز سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے۔

فرانس نے 2-0کی فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنالی،گذشتہ میچز میں ہیروکا کردار ادا کرنے والے کیوانی کی انجری کے بعد کمزور نظر آنے والی یوروگوئن ٹیم کوارٹرفائنل میں رخصتی کا پروانہ حاصل کرنے والی پہلی الیون بنی،اسٹار فٹبالر نے پرتگال کیخلاف دونوں گول داغ کر ٹیم کو پیش قدمی جاری رکھنے کے قابل بنایا لیکن خود آخری لمحات میں ٹانگ کی انجری کا شکار ہوکر باہر چلے گئے تھے،فٹنس بحال نہ ہونے کی وجہ سے انھیں باہر بیٹھنا پڑا۔

سابق ارجنٹائنی اداکار نے فرانس اور یوروگوئے کا میچ سپروائز کیا

سابق ارجنٹائنی اداکار نیسٹور پیٹانا نے جمعے کو فرانس اور یورگوئے کے درمیان فٹبال ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں ریفری کی ذمہ داری نبھائی، ریفریز اگرچہ زیادہ مشہور نہیں ہوتے لیکن پیٹانا ماضی میں خبروں کا حصہ بنتے رہے ہیں۔

فٹبال میں ٹاپ آفیشل بننے سے قبل وہ معروف اداکار رہ چکے،ان کی مشہور فلم 1997 میں ریلیز ہونے والی ' دی فیوری ' ہے، پیٹانا نے 2007 میں بطور ریفری کیریئر بنانے پر زیادہ توجہ دی، انھوں نے میگا ایونٹ میں روس اور سعودی عرب کا ابتدائی میچ سپروائز کیا تھا، وہ جمناسٹک ٹیچر بھی ہیں۔

کوارٹرفائنل میں فرانس اور یوروگوئے کے کھلاڑی آپس میں الجھ پڑے

فٹبال ورلڈکپ کے پہلے کوارٹرفائنل میں فرانس اور یوروگوئے کے کھلاڑی آپس میں الجھ پڑے،فرنچ انڈر19اسٹار میپے بال کو لے کر حریف گول پوسٹ پر حملہ آور تھے کہ ایک کھلاڑی سے ٹکراکر گر گئے،یوروگوئے کے کپتان ڈیگو گوڈن نے پہلے انھیں رکنے کا اشارہ کیا، پھرکھینچ کر اٹھانے کی کوشش کرتے رہے،وہ ثابت کرنا چاہتے تھے کہ میپے جان بوجھ کر گرے ہیں۔

اس حرکت پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جمع ہوگئے اور ایک دوسرے سے الجھتے رہے،ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے ریفری نیسٹر پٹانا انھیں علیحدہ کرنے کی کوشش کرتے رہے،فرانس کے کوچ ڈیڈیئر بھی بیچ بچائو کیلیے میدان میں آگئے،معاملہ ٹھنڈا ہونے پر کھیل دوبارہ شروع ہوا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔