عدالت نے ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ کا جواب دے دیا ایکسپریس فورم

نواز واپس نہ آئے توانٹرپول کے ذریعے لایا جائیگا،خود کو قانون کے حوالے کر کے ضمانت کی درخواست دے سکتے ہیں،رمضان چوہدری


اجمل ستار ملک July 07, 2018
ثابت ہو گیا قانون سے کوئی بالاتر نہیں، بریگیڈیئر (ر) غضنفر، شہباز شریف واپس نہ آنے کا مشورہ دینگے، فیصلہ نواز شریف کو کرنا ہے، سلمان عابد۔ فوٹو: فائل

ماہرین نے کہا ہے کہ نیب عدالت نے نواز شریف کو ''مجھے کیوں نکالا'' کا جواب دے دیا ہے۔

نواز شریف کے بعد اب مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر بھی 10سال کیلیے نااہل اور انتخابی میدان سے باہر ہو گئے ہیں، شریف خاندان آئندہ 10روز میں خود کو قانون کے حوالے کر کے ضمانت کی درخواست دے سکتا ہے لیکن اگر وہ خود کو قانون کے حوالے نہیں کرتے تو پھر انھیں انٹرپول کے ذریعے واپس لایا جائے گا، عدالتی فیصلے کے ملکی منظر نامے پر مثبت جبکہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست پر منفی اثرات پڑیں گے، دیکھنا یہ ہے کہ نواز شریف اب کیا فیصلہ کرتے ہیں اور کس بیانیے کو فروغ دیتے ہیں، عمران خان اس فیصلے سے سیاسی طور پر بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار سیاسی، قانونی ودفاعی ماہرین نے '' شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت کا فیصلہ اور ملکی منظر نامے پر اس کے اثرات'' کے حوالے سے منعقدہ ''ایکسپریس فورم'' میں کیا، فورم کی معاونت کے فرائض احسن کامرے نے انجام دیے۔

ماہر قانون رمضان چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کو کرپشن ثابت ہونے پر 10سال قید، مریم نواز کو اثاثے چھپانے، جھوٹ بولنے اور جعلی دستاویزات پیش کرنے پر 7سال قید جبکہ کیپٹن (ر)صفدر کو سہولت کاری کے جرم میں 1سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، اب یہ تینوں 10سال کیلیے نااہل ہو گئے ہیں، اب شریف خاندان کے پاس راستہ یہ ہے کہ وہ خود کو قانون کے سامنے پیش کریں اور 10دن کے اندر ضمانت کی درخواست دیں، یہ درخواست ہائیکورٹ کے 2 جج سنیں گے اور 30 دن کے اندر اس کا فیصلہ کیا جائے گا ۔

دفاعی تجزیہ نگار بریگیڈیئر (ر) غضنفر علی نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف آنے والا فیصلہ انتہائی اہم ہے اور ملکی منظر نامے پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ہمارے ہاں یہ رائے ہے کہ فیصلے صرف کمزور کیخلاف ہوتے ہیں جبکہ بڑے ملزم سزا سے بچ جاتے ہیں مگر اس فیصلے سے بعد اب ثابت ہو گیا کہ پاکستان میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

دانشور سلمان عابد نے کہا کہ فیصلہ غیر متوقع نہیں تھا کیونکہ جس انداز میں نواز شریف اور ان کا خاندان مقدمہ لے کر چلا اور جس طرح کارروائی آگے بڑھی، اس سے اندازہ ہو گیا تھا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کو سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں