فٹبال کوچ اور بچوں کو بچانے والا غوطہ خور ہلاک

سمن گنان کی ہلاکت غار سے نکلنے کے دوران آکسیجن کی کمی سے ہوئی


Sports Desk July 07, 2018
سمن گنان کی ہلاکت غار سے نکلنے کے دوران آکسیجن کی کمی سے ہوئی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے ہوئے 12 بچوں اور ان کے فٹبال کوچ کو بچانے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں شامل تھائی لینڈ کی بحریہ کا ایک سابق غوطہ خور ہلاک ہوگیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 38 سالہ سمن گنان لاپتہ گروپ کو سامان فراہم کرنے کے بعد تھیم لوانگ غار کمپلیکس سے باہر نکل رہے تھے کہ آکسیجن کی کمی سے بے ہوش ہوگئے، ان کے ساتھی نے انھیں بچانے کی کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔


بی بی سی کے مطابق سمن گنان کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ سرگرم ایتھلیٹ اور سائیکلسٹ تھے، وہ تھیم لوانگ غار کمپلیکس کے قریب لاپتہ ہونے والے 12 بچوں کے لیے 2 ہفتے قبل شروع کیے جانے والے ریسکیو آپریشن کا حصہ تھے، مذکورہ خوطہ خور نے اس سے پہلے تھائی لینڈ نیوی کی نوکری چھوڑی تھی لیکن وہ غار میں پھنسے ہوئے 12 بچوں کے گروپ کو بچانے لیے ریسکیو آپریشن میں مدد فراہم کرنے کیلیے واپس آئے تھے۔


ڈپٹی گورنر پاساکور بوونیالک چانگ رائے نے صحافیوں کو بتایا کہ 38 سالہ سمن گنان ریسکیو آپریشن کے دوران گذشتہ رات 2 بجے ہلاک ہوگئے، غار میں پھنسے ہوئے بچوں کو بچانے کے لیے شروع کیے جانے والے ریسکیو آپریشن میں ایک ہزار کے قریب افراد حصہ لے رہے ہیں۔ اس آپریشن میں نیوی کے غوطہ خور، فوجی اہلکار اور سویلین رضا کار شامل ہیں۔


واضح رہے کہ 9 دن لاپتہ رہنے والے بچوں اور ان کے کوچ کا پیر کو پتہ چلا تھا، بدھ کو 12 بچوں اور ان کے فٹبال کوچ کی ایک تازہ ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں وہ بہتر حالت میں نظر آرہے ہیں۔ تھائی فوج کا کہنا ہے کہ ان افراد کو جلد از جلد نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں