پٹرولیم قیمتیں بڑھنے کا اثر نہ ہوا ہفتہ وار مہنگائی میں کمی

صرف6اشیابشمول مرغی،کیلے،ٹماٹر،پیاز وآٹے کے دام کم ہونے سے افراط زر 0.06فیصدنیچے،پی بی ایس


5جولائی کو ختم ہفتے میں ڈیزل13.9،پٹرول7.5روپے فی لیٹرمہنگا۔ فوٹو : فائل

پٹرولیم مصنوعات آلو انڈے بیف مٹن چینی سمیت 23 اشیا کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود ہفتہ وار افراط زر کی شرح کم ہوگئی کیونکہ 6آئٹمز سستے ہونے سے مذکورہ مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات زائل ہوگئے۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 5 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد کی کمی ہوئی.

اس دوران 2 درجن کے قریب اشیا مہنگی ہوئیں جن میں ہائی اسپیڈ ڈیزل 13.91روپے یا 13.09 فیصد کے اضافے سے 120.14 روپے لیٹر، پٹرول 7.51روپے یا 8.09 فیصد بڑھ کر100.33 روپے فی لیٹر، آلو 4.47فیصد اضافے سے 32.47 روپے کلو، انڈے3.96 فیصد بڑھ کر96.41 روپے فی درجن، مٹی کا تیل 3.47 فیصد کے اضافے سے 124.20 روپے فی لیٹر اور باسمتی ٹوٹا چاول 1.28 فیصد بڑھ کر 75.31 روپے فی کلو ہو گیا، گڑ0.93 فیصد، بکرے کاگوشت0.87 فیصد، گائے کا گوشت0.80 فیصد، دال مونگ 0.66 فیصد، ایل پی جی گھریلو سلنڈر0.59 فیصد، سرخ مرچ پسی ہوئی (کھلی) 0.59 فیصد، اری 6 چاول 0.52 فیصد، چینی 0.51 فیصد، جارجٹ 0.45 فیصد، دال ماش0.39 فیصد، لانگ کلاتھ0.25 فیصد، دال چنا0.24 فیصد، گھی0.17 فیصد، شرٹنگ وسرسوں کا تیل0.16 فیصد، دال مسور اور گندم 0.13 فیصد مہنگی ہوئی.

اس کے مقابلے میں گزشتہ ہفتے صرف 6 اشیا کے نرخ کم ہوئے جن میں زندہ مرغی 23روپے یا 10.89 فیصد کمی سے 188.23 روپے فی کلو، کیلے 7روپے یا7.11 فیصد کمی سے 93.66 روپے، ٹماٹر2روپے یا 4.21فیصد گھٹ کر 45.32 روپے فی کلو، پیاز1 روپے یا 1.47 فیصد کمی سے 33.52روپے فی کلو، لہسن1 روپے یا 0.80 فیصد گھٹ کر 124.26 روپے فی کلو اور آٹے کی قیمت 0.04 فیصد کی معمولی کمی سے 383.26 روپے فی 10کلوگرام ہوگئی، گزشتہ ہفتے 24 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

پی بی ایس کے مطابق گزشتہ ہفتے 35ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کیلیے مہنگائی میں 0.13 فیصد کا اضافہ ہوا، اس کے علاوہ دیگر آمدن گروپوں بشمول 8 ہزار، 12ہزار، 18ہزار اور 35ہزار روپے کمانے والوں کیلیے مہنگائی کی شرح میں بالترتیب 0.23، 0.23،0.22 اور 0.16 فیصد کی کمی ہوئی۔ اعدادوشمار کے مطابق سالانہ بنیادوں پر گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں4.64فیصد کااضافہ ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں