الیکشن کا پرامن انعقادڈویژن اور ضلعی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل

کمشنرزاور ڈی سی دفاتر میں کنٹرول روم قائم،کمیٹیاں اداروں سے رابطے میں رہیں گی.

کمشنرزاور ڈی سی دفاتر میں کنٹرول روم قائم،کمیٹیاں اداروں سے رابطے میں رہیں گی فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
حکومت سندھ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں ڈویژن اور ضلعی سطح پرکمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔

جو سندھ بھر میں انتخاب کے موقع پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، ریسکیو اقدامات اور امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول رکھنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں گی،ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے 11مئی کو عام انتخابات کے پرامن انعقاد، سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطے اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور میر پور خاص ڈویژن کے کمشنرز اور23 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اہم ذمے داریاں تقویض کی ہیں اور ڈویژن کی سطح پر5 جبکہ ضلعی سطح پر23 رابطہ کار کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔




کمیٹیوں میں پولیس، رینجرز، بلدیاتی اداروں سمیت تمام اہم سرکاری اداروں کے افسران شامل ہوں گے، کمیٹیاں پولنگ کے دن الیکشن کمیشن سمیت دیگرمتعلقہ اداروں سے رابطے میں ہوں گی، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اپنی ضلعی حدود میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول کرنے، ریسکیواور دیگرامورسے متعلق معاملات کے نگراں ہوں گے،تمام کمشنرزاور ڈپٹی کمشنرزکے دفاترمیں کنٹرول روم بھی قائم کردیے گئے ہیں۔

ان کنٹرول روم کے ذریعے متعلقہ افسران تمام محکموں سے رابطے میں رہیں گے ، پولنگ کے دن تمام ریسکیو بلدیاتی اور دیگرادارے ایک کنٹرولنگ نظام کے تحت ڈپٹی کمشنرزکی نگرانی میں کام کریں گے جبکہ امن وامان کی صورتحال پرکنٹرول کرنے کیلیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشاورت سے فوری اقدامات کریں گے۔
Load Next Story