کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری کے لیے نیب کے چھاپے

خیبر پختون خواں انتظامیہ اور پولیس کے ہمران نیب کی ٹیمیں کیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں


ویب ڈیسک July 07, 2018
ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں مختلف ٹیمیں کیپٹن صفدر کی گرفتاری تک وہیں تعینات رہیں گی (فوٹو: فائل)

ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے وارنٹ جاری ہونے کے بعد نیب نے کیٹپن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے کے پی کے میں چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردیں۔

ایکسپریس نیوز ذرائع کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا پانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو گرفتار کرنے کے لیے نیب کی ٹیموں نے ہری پور اور ایبٹ آباد میں چھاپے مارے ہیں۔ نیب کے ہمراہ خیبر پختون خوا انتظامیہ اور پولیس بھی موجود ہیں۔ یہ چھاپے محمد صفدر کی رہائش گاہوں پر مارے گئے ہیں تاہم گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

ذرائع کے مطابق کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے لیے ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں ٹیمیں تعینات ہیں اور یہ ٹیمیں کیپٹن صفدر کی گرفتاری تک وہیں تعینات رہیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو مجرم قرار دیتے ہوئے بالترتیب10 سال، 7 سال اور ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔

سزا سنائے جانے کے بعد نیب نے مجرمان کی گرفتاری کے لیے اریسٹ وارنٹ حاصل کرلیے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز بیرون ملک ہونے کی وجہ سے نیب کی گرفت میں نہیں آسکے جب کہ کیپٹن صفدر منظر عام سے غائب ہیں۔

یہ اطلاعات بھی ہیں کہ کیپٹن (ر) نے از خود گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وہ تورغر سے نیب حکام کی طرف روانہ ہوگئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں