پولنگ اسٹیشنوں پر ڈاکٹروں کی ڈیوٹیاں نہیں لگائی جائینگی وزیر صحت

تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کوہائی الرٹ کردیا ہے، مڈوائفیں ماؤں اوربچے کی زندگیاں بچانے میں اہم کرداراداکرتی ہیں.

2سال سے جناح اسپتال کو حکومت سندھ بجٹ فراہم کررہی ہے،تقریب سے ڈاکٹرجنید علی،ڈاکٹر صاحب جان کاخطاب. فوٹو : فائل

نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجنید علی شاہ نے کہا ہے کہ 11مئی کو ہونے والے عام انتخابات کے موقع پرمحکمے کے ڈاکٹروں کی ڈیوٹیاں پولنگ اسٹیشنوں میں نہیں لگائی جا سکتیں ۔

کیونکہ انتخابات کے موقع پر کراچی سمیت سندھ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے، تمام عملے اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ بھی کردیاگیا ہے البتہ ہراضلاع میں ایک ایک میڈیکل کیمپ قائم کیے جائیں گے،مڈ وائفری نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت کی شرح میںکمی میں موثرکردار ادا کرتی ہیں۔




یہ بات انھوں نے ہفتہ کوعالمی یوم مڈوائفری کی مناسبت سے مقامی ہوٹل میں ماں اور نوزائیدہ کی صحت کے پروگرام (ایم این سی ایچ)کے تحت منعقدہ تقریب اورصحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی، تقریب میں سیکریٹری صحت ڈاکٹر سریش کمار، ایڈیشنل سیکریٹری ترقیات کرن نعمان ، اسپیشل سیکریٹری طحہ فاروقی،ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ ڈاکٹر اشفاق میمن،ایم این سی ایچ کے صوبائی پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر صاحب جان بدر اورڈاکٹرفرحانہ میمن سمیت دیگرنے خطاب کیا،اس موقع پر پاس آؤٹ ہونے والی 248 مڈوائفوں سے حلف بھی لیا گیا ۔

تقریب میں یو این کے نمائندے شروتی دھار اور کنٹرولر آف نرسنگ بورڈ محبوب سلطانہ بھی موجودتھی، وزیر صحت نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ جناح اسپتال اب صوبائی حکومت کے ماتحت آگیا ہے گزشتہ2سال سے بجٹ بھی صوبائی حکومت فراہم کررہی ہے لیکن انھیں ہم سے شکایات ہیں ،انھوں نے کہاکہ جناح اسپتال نے اس معاملے پر کورٹ سے رجوع کرلیا ہے اورہم بھی عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، صوبے میں جلد ہی تھیلیسیمیا ،ہیلتھ کئیرکیمشن سمیت دیگر آرڈیننس جاری کردیے جائیں گے ۔
Load Next Story