کراچی میں ’’ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو‘‘ کا شانداز آغاز

ایکسپریس علم کی شمع کو روشن رکھنے میں اپنا موثر کردار بخوبی نبھا رہا ہے، میئرکراچی وسیم اخترکی میڈیاسے گفتگو


Staff Reporter July 08, 2018
سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی، وفاقی اردو یونیورسٹی، اقرا یونیورسٹی، ہمدردیونیورسٹی سمیت24 تعلیمی اداروں کے اسٹالز۔ فوٹو: این این آئی

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام ایکسپو سینٹر کراچی میں 2 روزہ '' ایجوکیشن اینڈ کیریئرایکسپو'' کے افتتاح کے موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر میں تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد ناصرف ضروری ہے بلکہ تعلیمی نمائش کو مزید فروغ دینا چاہیے،تعلیمی نمائش شہر اور ملک کی بہتری کے لیے کارآمد ثابت ہوں گی۔

میئر کراچی وسیم اختر نے نجی اور سرکاری جامعات کے اسٹالز کا دورہ کیااور ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے ہر سال کی طرح اس سال بھی تعلیم اور کیریئر کا جو میلہ سجایا ہے وہ قابل ستائش ،مجھے خوشی ہے کہ ایکسپریس نے لوگوں میں علم کی روشنی کو بڑھانے اور علم کی شمع کو روشن رکھنے میں اپنا موثر کردار بخوبی نبھا رہا ہے۔

ایجوکیشن اینڈ کیریئرایکسپو میںطلبا و طالبات کو ایک ہی چھت تلے مختلف جامعات کونسلنگ اور تعلیم سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنے کے لیے موجود ہیں، تمام جامعات اسکالرشپ، پروگرامزاور اسکیمز کے حوالے سے معلومات طالب علموں کو دینے میں کوشاں ہے، ان کے لیے اپنے شوق اور لگن کے مطابق اعلیٰ تعلیم میں فیلڈز کو منتخب کرنے کا عمل کافی حد تک آسان بنانے کی کوشش کی ہے۔

نمائش میں سندھ کے علاوہ پنجاب کی جامعات نے بھی حصہ لیا جبکہ سندھ مدرسۃ اسلام یونیورسٹی، وفاقی اردو یونیورسٹی، اقرا یونیورسٹی، ہمدرد یونیورسٹی، ڈی ایچ اے صفا یونیورسٹی، محمد علی جناح یونیورسٹی، ورچوئل یونیورسٹی، تابانی انسٹیٹیوٹ آف اکاؤنٹینسی سمیت24 تعلیمی اداروں کے اسٹالز نمائش کی زینت بنے جہاں طلبہ کی بڑی تعداد نے اپنے مستقبل سے متعلق تعلیمی رہنمائی حاصل کی۔

شرکا کاکہنا تھا کہ پاکستان بالخصوص کراچی میں کیریئر کی رہنمائی کے حوالے سے مفت کونسلنگ نہیں کی جاتی جبکہ تعلیم ہماری زندگی کا ایک اہم پہلو ہے، ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو نے ہمیں یہ پلیٹ فارم مہیا کیا ہے کہ ہم بیک وقت کئی جامعات سے رجوع کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ نے ایجوکیشن ایکسپو کے پلیٹ فارم سے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرکے اہم فریضہ انجام دے رہا ہے ایسی نمائش خاص طور پر نوجوانوں کے مستقبل کے حوالے سے انتہائی مفید ثابت ہوتی ہے تاہم اسٹالز مالکان کا کہنا تھا کہ ایکسپریس نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی بہترین نمائش کا انعقاد کیا ہے، اس سے جامعات میں طلبا کی انرولمنٹ میں اضافہ ہوتا ہے اور طلبا کی بڑی تعداد مختلف کورسز میں دلچسپی ظاہر کررہی ہے۔

کیریئر اینڈ ایجوکیشن ایکسپو میں تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے جس میں بیٹل آف بینڈز، ڈراموں کا مقابلہ، موسیقی کا مقابلہ، ڈانس مقابلہ، تقریری مقابلہ، فیشن شو، پینٹنگ اور مختلف سیمنار کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں