ایشن اسکواش عامر اطلس نے ٹائٹل جیتنے کا امکان روشن کرلیا

آج فیصلہ کن معرکے میں کویت کے عبداللہ سے مقابلہ ہو گا، سیمی فائنلز میں اشرف آذان اور فرحان محبوب کو شکست.


آج فیصلہ کن معرکے میں کویت کے عبداللہ سے مقابلہ ہو گا، سیمی فائنلز میں اشرف آذان اور فرحان محبوب کو شکست. فوٹو: اے ایف پی

عامر اطلس خان نے ایشین اسکواش ٹائٹل جیتنے کا امکان روشن کرلیا، پاکستان نمبر ون کھلاڑی نے سیمی فائنل میں ملائیشین حریف اشرف آذان کو 3-0 سے زیر کیا.

دوسرے میچ میں فرحان محبوب کو کویت کے عبداللہ نے شکست دے دی۔ ویمنز ٹائٹل کیلیے ملائیشین لیووی اور ہانگ کانگ کی اینی ای کے مابین مقابلہ ہوگا،دونوں فائنلز اتوار کوکھیلے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جاری ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے نمبر ون کھلاڑی عامر اطلس خان کا مقابلہ مضبوط ملائیشین حریف اشرف آذان سے ہوا، عامر نے ہوم کورٹس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے یکطرفہ مقابلے میں فتح اپنے نام کی، میزبان پلیئر نے پہلے گیم میں11-5 سے کامیابی پائی.

دوسرے میں بھی مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا اور عامر11-6 سے فتحیاب ٹھہرے، تیسرا گیم بھی اس مارجن سے جیت کر پاکستانی اسٹار نے فیصلہ کن معرکے میں جگہ پکی کر لی۔ دوسرے فائنل فور میچ میں میزبان ان فارم کھلاڑی فرحان محبوب کویتی حریف عبداللہ سے ابتدائی تنیوں گیمز ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے، فرحان کو پہلے گیم میں11-8اور دوسرے میں11-3 سے مات ہوئی، تیسرے گیم میں میزبان کھلاڑی نے تھوڑی مزاحمت کی مگر تجربہ کار عبداللہ نے 14-12 سے کامیابی کے ساتھ فائنل میں جگہ بنا لی۔ ویمنز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ملائیشین لیو وی نے ہانگ کانگ کی جوئے چین کو مات دی،انھوں نے پہلے اور دوسرے گیم میں11-4 سے فتح حاصل کرتے ہوئے حریف کھلاڑی پر دبائو بڑھا دیا مگر جوئے نے اعصاب پر قابو پاتے ہوئے تیسرا گیم11-7 سے اپنے نام کرلیا.



آخری گیم میں ملائیشین کھلاڑی نے 11-9 سے کامیابی سمیٹتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ دوسرے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کی اینی ای نے ڈییلا ارنلڈ کو مات دیتے ہوئے ٹائٹل کی امیدوں کو روشن رکھا۔ دریں اثنا نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے عامراطلس خان نے کہا ہے کہ فائنل تک پہنچنے کیلیے سخت محنت کی،قوم دعا کرے کہ ایشین چیمپئن بن کر پاکستان کا نام روشن کروں،انھوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کیلیے ماحول انتہائی ساز گار ہے،غیر ملکی کھلاڑیوں کو یہاں آکر کھیلنا چاہیے۔ عامر نے کہا کہ اشرف آذان باصلاحیت کھلاڑی ہیں ان کے خلاف فتح سے حوصلے مزید بلند ہوگئے.

عامر سے ہارنے والے ملائیشین پلیئر اشرف آذان نے کہاکہ پاکستان کے عوام کھیلوں اور کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، یہاں کے میدان سونے نہیں رہ سکتے، ہم سب پُرامید ہیں کہ بہت جلد حالات بہتر ہوجائیں گے اور ایک مرتبہ پھر دنیا کا ہر کھلاڑی آکر کھیلنے میں فخر محسوس کرے گا۔ ملائیشین ویمن کھلاڑی لیو ووی اور ہانگ کانگ کی اینی ای نے کہا کہ اسلام آباد کا موسم اسکواش کے لیے آئیڈیل ہے، ہم یہاں کی مہمان نوازی کو کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے، پاکستان آکردلی خوشی محسوس ہوئی، دنیا بھر میں پاک سرزمین کے بارے میں پایا جانے والا منفی تاثر بے بنیاد ہے، پاکستانی خواتین محدود وسائل کے باجود اس کھیل کو جاری رکھے ہوئی ہیں، انھوں نے کہا کہ اگر ماریہ طور کی طرح دیگرخواتین کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل میچز اور تربیت فراہم کی جائے تو وہ انٹرنیشنل سرکٹ میں نام کما سکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں