شیر نہ بلا 11 مئی کو ہر طرف تیر نظر آئیگا بلاول بھٹو

سازشوں کے باوجود پیپلزپارٹی انتخابات میں حصہ لے گی،امیدوارانتخابی مہم پرتوجہ دیں،گیلانی وپرویز اشرف سے ٹیلیفونک گفتگو.

شہری اس مشکل وقت میں اتحاد کا مظاہرہ کریں،جاں بحق ہونیوالوں کے خاندانوں سے اظہارہمدردی،زخمیوں کی صحت یابی کیلیے دعا۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ تمام تر سازشوں کے باوجود پیپلزپارٹی11مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔

ہمارے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوںکو اس روز ہماری عوامی طاقت کا پتا چل جائے گا،11مئی جمہوریت پسندجماعتوں کی فتح کا دن ہوگا، کراچی میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ وہ ہفتے کو پیپلزپارٹی کے رہنمائوں سیدیوسف رضاگیلانی اور راجا پرویزاشرف سے ٹیلی فونک گفتگو کررہے تھے۔ پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق اس رابطے کے دوران پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔


بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی کا احتساب کرنے کی باتیں کرنے والوں کا عوام11مئی کو اپنے ووٹوں کے ذریعے احتساب کرینگے۔ جیت کے نعرے لگانے والے اس بات کی فکرکریں کہ یہ دن ان کی شکست کا دن ثابت ہوگا اور اس دن عوام کی فتح ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ میں پیپلزپارٹی کے تمام رہنمائوں سے لمحہ بہ لمحہ رابطے میں ہوں۔ پارٹی کے تمام امیدوار اپنی انتخابی مہم پر بھرپور توجہ دیں اور عوام سے رابطے میں رہیں۔ انھوں نے کہاکہ11مئی کے روز نہ شیر دہاڑے گا اور نہ ہی بلا ہوا میں لہرائے گا بلکہ صرف اور صرف ہرطرف عوام میں تیرکا نشان ہی نظر آئے گا۔



بلاول بھٹو نے کراچی میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انھیں وحشیانہ عمل قراردیااور کہاکہ اس طرح کی بزدلانہ اور غیرانسانی کارروائیاں عام انتخابات کے حوالے سے شہریوں میں خوف کا ماحول پیدا کرنے کی سازش ہے۔ انھوں نے شہریوں سے اس مشکل وقت میں اتحاد کا مظاہر ہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے اتحاد کی بدولت ہی دہشت گرد عناصرکو شکست دے سکتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے دھماکوں میںجاںبحق ہونے والے افراد کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاکی۔
Load Next Story