مصر میں جنسی ہراسانی کی شکایت پر غیر ملکی خاتون سیاح کو 11 سال قید

لبنانی سیاح مونا نے فیس بک ویڈیو پیغام میں مصریوں کو دھوکے باز اور سر راہ خواتین سے بدسلوکی کرنے والے غنڈے کہا تھا


ویب ڈیسک July 08, 2018
لبنانی سیاح نے اپنے وضاحتی بیان میں مصری قوم سے معافی بھی مانگی تھی۔ فوٹو : فیس بک پروفائل

مصر کی عدالت نے لبنان کی خاتون سیاح کو مصریوں سے متعلق توہین آمیز ویڈیو فیس بک پر اپ لوڈ کرنے پر 11 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان سے تعلق رکھنے والی خاتون سیاح مونا مزبوح کو مصر میں ایک سیاحتی مقام پر پارکنگ کی جگہ پر جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ دوران سیاحت آن لائن ٹیکسی ڈرائیورز کا رویہ بھی نامناسب تھا جس پر مونا نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک شکایتی وڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں انہوں نے مصریوں کو دھوکے باز اور سر راہ خواتین سے بدسلوکی کرنے والے غنڈے قرار دیا تھا۔

فیس بک پر شکایتی ویڈیوا اپ لوڈ کرنے کے بعد مصر کے شہریوں نے چند افراد کے نامناسب رویے کو پوری مصری قوم کی ہتک کرنے پر شدید اعتراض کیا تھا جس کے بعد مصر کے پراسیکیوٹر جنرل کے حکم پر خاتون سیاح کو 3 جون کو طیارے سے اتار کر حراست میں لے لیا گیا تھا اور ایک ماہ تک کیس عدالت میں چلتا رہا۔

خاتون سیاح کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ نے اپنی دوسری ویڈیو میں مصری قوم سے معافی مانگتے ہوئے وضاحت کردی تھی کہ انہوں نے پوری مصری قوم پر نہیں بلکہ صرف چند جرائم پیشہ افراد پر تنقید کی تھی۔ تاہم عدالت نے لبنانی سیاح مونا مزبوح کو 11 سال قید کی سزا سناتے ہوئے کہا کہ خاتون نے پوری مصری قوم کی بے عزتی کی ہے اور ہتک مذہب کی بھی مرتکب ہوئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں