ہمارے انتخابی دفاتر پر حملے کئے جارہے ہیں ایم کیوایم پاکستان کا الزام

رات گئے ہمارے لیاقت آباد کے انتخابی آفس پر پی ایس پی کے کارکنان نے حملہ کیا، کنور نوید جمیل

رات گئے ہمارے لیاقت آباد کے انتخابی آفس پر پی ایس پی کے کارکنان نے حملہ کیا، کنور نوید جمیل : فوٹو : فائل

ایم کیوایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے الزام لگایا ہے کہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ایم کیوایم کے انتخابی دفتر پر پی ایس پی کے مسلح کارکنان نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایم کیوایم کے متعدد کارکنان زخمی ہوگئے۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ آج پی ایس پی سے درجنوں کارکنان دوبارہ ایم کیو ایم میں شامل ہوئے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنھیں ڈرا دھمکا کر پی ایس پی میں شامل کرایا گیا اور یہ گرفتاریوں اور مار دینے کے خوف سے ایم کیو ایم چھوڑ گئے تھے، ڈر ختم ہونے کے بعد یہ لوگ واپس گھر لوٹ آئے ہیں۔


کنورنوید جمیل کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی کے سیکڑوں کارکنان ہمارے رابطے میں ہیں اور وہ ایم کیو ایم میں شامل ہونا چاہتے ہیں، انتخابات میں ناکامی کے خوف سے اب پی ایس پی کے کارکنان نے ہماری انتخابی مہم کو ثبوتاژ کرنا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دبانے کے لئے ہمارے انتخابی دفاتر پر بھی حملے کئے جارہے ہیں، رات گئے ہمارے لیاقت آباد کے آفس میں پی ایس پی کے کارکنان نے حملہ کیا، ہم نے تھانے میں شکایت بھی درج کرائی لیکن کوئی ایکشن نہیں ہوا، بلدیہ سے ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا جا رہا ہے، میرپور خاص سے ہمارے سابق رکن اسمبلی کو 31 سال پرانے کیس میں گرفتار کیا گیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن، آٸی جی سندھ اور متعلقہ حکام فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیں۔
Load Next Story