کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ کے بعد کاروبارزندگی بحال

یوم سوگ کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ، پیٹرول پمپس، کاروباری مراکز اور اتوار کو لگنے والے سستے بازار مکمل طور پربند رہے۔

سندھ کے دیگر شہروں میں بھی مکمل یوم سوگ منایا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

عزیز آباد بم دھماکوں کے خلاف ایم کیوایم کی اپیل پر کراچی سمیت سندھ میں یوم سوگ کے بعد کاروبار زندگی بحال ہوگئی ہے۔


گزشتہ روز عزیز آباد میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زہرو کے قریب دو بم دھماکوں میں بچے سمیت 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد رابطہ کمیٹی کی اپیل پر کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں یوم سوگ منایا گیا۔ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ، پیٹرول پمپس، کاروباری مراکز اور اتوار کو لگنے والے سستے بازار بند رہے۔ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس موقع پر رکشا اور ٹیکسی ڈروائیورز نے عوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان سے منہ مانگے کرایوں کی وصولی کا بھی سلسلہ جاری رکھا۔ تاہم شام چار بجے کے بعد کراچی کی تاجر تنظیموں نے کاروباری مراکز، آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے پبلک ٹرانسپورٹ جبکہ سی این جی اینڈ پیٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت شروع کردی ہے۔ جس کے بعد شہر میں نظام زندگی بحال ہوگیا ہے۔

دوسری جانب حیدر آباد، سکھر، نوابشاہ، میر پورخاص، ٹنڈوالہیار، ٹنڈوجام، بدین اور سانگھڑ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی مکمل یوم سوگ منایا گیا۔ اس دوران دُکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ ٹرانسپورٹ معطل رہی۔

Recommended Stories

Load Next Story