ایم کیو ایم کے حوصلے بلند ہیں اور یہ انتخابات میں حصہ ضرور لیں گے نگراں وزیر داخلہ

انتخابات میں فوج اور ایف سی بھی تعینات کی گئی ہے اس کےعلاوہ تمام جماعتوں کو سیکیورٹی فراہم کریں گے، ملک حبیب۔


ویب ڈیسک May 05, 2013
نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب نے کہا کہ کل رات ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر پر ہوئے بم دھماکوں کا افسوس ہے اور میں اس کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ فوٹو : فائل

NEW DELHI: نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب نے کہا کہ ایم کیو ایم کے حوصلے بلند ہیں اور یہ الیکشن میں حصہ ضرور لیں گے، ایم کیو ایم کی قیادت سے ملنے کے بعد مجھے پورا یقین ہے کہ وہ جوش و جذبے سے کام کریں گے۔

ایم کیو ایم کے دفتر نائن زیرو پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک حبیب نے کہا کہ کل رات ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر پر ہوئے بم دھماکوں کا افسوس ہے اور میں اس کی سخت مذمت کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کوشش کر رہے ہیں کہ تینوں متاثرہ پارٹیوں کو تحفظ دیا جائے اور دہشت گردی کے واقعات کو روکا جائے۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ کل رات ایم کیو ایم کے دفتر کے باہر ہوئے دھماکوں کے بعد وزیر اعظم نے انہیں فون کر کے فوری کراچی پہنچ کر واقعات کی تحقیقات کرانے اور متاثرہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے حکم پر نائن زیرو پر اعتماد حاصل کرنے آیا ہوں۔

اس سے قبل کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملک حبیب نے کہا ہے کہ دہشتگرد حملے صرف متحدہ قومی موومنٹ پر نہیں تحریک انصاف ، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ن) پر بھی ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر ووٹر ٹرن آوٹ اچھا ہوگا، حکومت انتخابات کے موقع پر امن و امان کے قیام کےلئے بھر پور اقدامات کررہی ہے، انتخابات میں فوج اور ایف سی بھی تعینات کی گئی ہے اس کے علاوہ تمام جماعتوں کو سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

ملک حبیب کا کہنا تھا کہ کراچی میں کئے گئے حالیہ بم دھماکوں میں مماثلت پائی جاتی ہے تمام دھماکے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیے گئے۔حملے صرف ایم کیوایم پر نہیں بلکہ جماعت اسلامی اورمسلم لیگ (ن) پربھی ہورہے ہیں تاہم مخصوص مائنڈ سیٹ کو بدلنے میں وقت لگے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں