ن لیگ بتائے بھاشا ڈیم کو 10 سال کیوں روکے رکھا چوہدری شجاعت

ہمارے دور میں 11 ارب روپے سے 45 چھوٹے ڈیمز تعمیر کیے گئے، صدر ق لیگ


بھاشا ڈیم کا افتتاح مشرف اور پرویز الٰہی نے کیا تھا، امید ہے نئی حکومت سپریم کورٹ کے حکم پراس کی روح کے مطابق عمل کرے گی۔ فوٹو: ایکسپریس 

پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ن لیگ پہلے یہ بتائے کہ 10 سال تک اس کو روکے کیوں رکھا۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ 2006 میں بھاشا ڈیم کا افتتاح جنرل پرویزمشرف اور چوہدری پرویزالٰہی نے کیا تھا۔ ن لیگ آج اس کو اپنے انتخابی منشور کا حصہ بنانے سے پہلے یہ بتائے کہ 10 سال تک اس کو روکے کیوں رکھا، پانی کا مسئلہ پاکستان کی قومی سلامتی اور بقا کا مسئلہ بن چکا ہے، چیف جسٹس کی جانب سے بھاشا ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور امید ہے کہ جو بھی نئی حکومت آئے گی وہ سپریم کورٹ کے اس حکم پر اس کی روح کے مطابق عمل کرے گی۔

صدر ق لیگ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھاشا ڈیم 2006 میں ہماری حکومت کے دوران شروع ہوا تھا اور یہ بات سپریم کورٹ کی حالیہ کارروائی میں بھی ثابت ہو چکی ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں نے اس پر کام روکے رکھا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ چیف جسٹس نے قوم کی فریاد سن لی اور فوری طور پر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا حکم جاری کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کا یہ کہنا کہ چیف جسٹس دخل اندازی کرتے ہیں اس لیے درست نہیں کہ 10 سال تک سیاستدانوں کو کس نے بھاشا ڈیم بنانے سے روکا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں