انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ سرکٹ تھری 2018 کے پہلے دن مینز ایونٹ میں ایک اپ سیٹ ہوا، کوالیفائر کھلاڑی کی حیثیت سے مین راؤنڈ میں جگہ بنانے والے انٹرنیشنل کھلاڑی دانش اطلس خان نے سیڈ 3 احسن ایاز کو 3-0 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
11 جولائی تک جاری رہنے والے15ہزار ڈالر کی انعامی رقم کے اسکواش سرکٹ کے مقابلے روشن خان، پاکستان نیوی جہانگیرخان اسکواش کمپلیکس، فلیٹ کلب پر شروع ہوئے، افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی طاہر احمد تھے، پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والے اس سرکٹ میں مینز ایونٹ کی انعامی رقم 10ہزار ڈالرز رکھی گئی ہے جبکہ ویمنز ایونٹ کے لیے 5 ہزار ڈالرز مختص کیے گئے ہیں۔
عالمی رینکنگ میں 88 ویں پوزیشن کے حامل عاصم خان نے مینز ایونٹ کے ٹاپ سیڈ کی حیثیت سے عمدہ آغاز کیا، انھوں نے قطر سے آئے ہوئے پاکستانی کھلاڑی عمیر زمان کو کوئی موقع دیے بغیر 29 منٹ میں3-0 سے شکست دیدی، عمیر ناکامی کے بعد 285 ڈالرز کی انعامی رقم کے ساتھ واپس گھر جانا پڑا، انجری کا شکار سابق قومی نمبر1 اور عالمی نمبر104فرحان زمان نے ایونٹ کے سیڈ 2 کھلاڑی ہونے کے ناطے کامیابی کو گلے لگایا، فرحان نے21 منٹ کی مزاحمت کے بعد عالمی نمبر 203 ظاہر شاہ کو3-0 سے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔
سیڈ 3 احسن ایاز کو کوالیفائر کھلاڑی عالمی نمبر 261 دانش اطلس خان نے کوئی گیم ہارے بغیر 26 منٹ میں کورٹ سے روانہ کر دیا، سیڈ4 اور عالمی نمبر 95 طیب اسلم نے وائلڈ کارڈ انٹری پانے والے نوید رحمان کو21 منٹ میں 3-0 سے مات دیدی، سیڈ5 اور عالمی نمبر 94 فرحان محبوب نے کوالیفائر عباس زیب کو 23 منٹ کے مقابلے میں 3-0 سے ہرادیا، سیڈ 6 اور عالمی نمبر 129اسراراحمد نے کوالیفائر محمد نعیم کی پیش قدمی روکتے ہوئے جیت اپنے نام کی، انھوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں مسلسل 2 اپ سیٹ کرنے والے پاکستان نیوی کے نعیم کو ایک گیم کی قربانی دینے کے بعد 41 منٹ کے مقابلے میں3-1 سے شکست دی۔
سیڈ7 اور عالمی نمبر 133 عماد فرید کو عالمی نمبر168خواجہ عادل مقبول کے خلاف 3-0 سے فتح ملی، یہ مقابلہ 16منٹ جاری رہا، سیڈ8 اور عالمی نمبر155 سید علی مجتبیٰ نے ایک آسان مقابلے میں کوالیفائرکھلاڑی حارث اقبال کو19منٹ میں 3-0سے زیر کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، دوسری جانب ویمنز ایونٹ کے افتتاحی راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ اور عالمی نمبر 99 فائزہ ظفر نے مقدس جاوید کو کسی دقت کے بغیر صرف 14 منٹ میں 3-0 سے ناکامی سے دوچار کردیا، ان کی بہن سیڈ 2 اور عالمی 110 مدینہ ظفر نے بائی پانے والی نمرہ عقیل کو 13 منٹ کی معمولی مزاحمت کے بعد 3-0 سے قابو کرلیا، نمرہ کو142 ڈالرز کے ساتھ گھر جانا پڑا۔
سیڈ 3 اور عالمی نمبر 157 انعم مصطفیٰ نے سنسنی خیز مقابلے میں صائمہ شوکت کو 3-2 سے مات دیدی، صائمہ نے41 منٹ تک ڈٹ کر مقابلہ کیا مگر ناکام رہیں، سیڈ 4 اور عالمی نمبر 182 زاہب خان نے کوالیفائر فہمینہ عاصم کو 18 منٹ میں 3-0 سے ناکام کیا، سیڈ 5 اور عالمی نمبر 188 آمنہ فیاض نے کوالیفائر میرا سلیم کو 16 منٹ میں 3-0سے ہرایا، سیڈ 6 اور عالمی نمبر 183زویا خالد کو مقدس اشرف نے اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا، مقدس نے یہ مقابلہ 36 منٹ کی سخت تگ و دو کے بعد 3-0 سے جیتا، سیڈ7 اور عالمی نمبر 186 نورالہدیٰ کو بھی اپ سیٹ ناکامی کا سامنا رہا۔
کوالیفائر کومل نے ان کو 3-2 سے زیر کیا، یہ مقابلہ 39 منٹ تک جاری رہا، سیڈ8 اور عالمی نمبر 183رفعت خان نے کوالیفائر روشنا محبوب کو 19 منٹ میں 3-1 سے شکست کا ذائقہ چکھایا۔
قبل ازیں مہمان خصوصی نے چیمپئن شپ کا افتتاح کیا، اس موقع پر سابق عالمی چیمپئن جہانگیرخان اور صوبائی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری راشد احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ پیر کو کوارٹر فائنل کھیلے جائیں گے۔