فٹبال ورلڈ کپ میں روس کا ہنی مون پیریڈ آنسوؤں پر ختم

چیختے چلاتے شائقین خاموش ، گلیوں میں جشن کا سلسلہ بھی تھم گیا،کوارٹر فائنل میں کروشیا نے ارمان خاک میں ملادیے


خبر ایجنسی July 09, 2018
چیختے چلاتے شائقین خاموش ، گلیوں میں جشن کا سلسلہ بھی تھم گیا،کوارٹر فائنل میں کروشیا نے ارمان خاک میں ملادیے۔ فوٹو: رائٹرز

ورلڈ کپ میں روس کے ہنی مون پیریڈ آنسوؤں پر ختم ہوگیا، چیختے چلاتے شائقین خاموش ہوگئے، گلیوں میں جشن تھم گیا۔

اپنے ملک میں جاری ورلڈ کپ میں روس کی ٹیم کا سفر انتہائی شاندار رہا، گروپ اسٹیج میں کامیابی کے بعد لاسٹ 16 میں پنالٹی شوٹ آؤٹس پر روس نے اسپین کو ٹھکانے لگا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جہاں پر اس کا کروشیا سے دلچسپ مقابلہ ہوا، اگرچہ روس نے 31 ویں منٹ میں ڈینس چریشیف کے گول کی وجہ سے برتری حاصل کی مگر صرف 8 منٹ بعد کروشیا کے آندریج کرامارک نے اسکور برابر کردیا۔

مقررہ وقت میں مقابلہ برابر رہنے کی وجہ سے اضافی وقت میں کھیل گیا، 100 ویں منٹ میں کروشیا کے ڈوماگوج وائیڈا نے گیند جال میں ڈال کر اپنی ٹیم کی کامیابی کا امکان روشن کیا مگر اختتامی لمحات میں ماریو فگوئیرا فرنانڈس نے گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا، جس پر فیصلے کیلیے پنالٹی شوٹ آؤٹس کا سہارا لیا گیا مگر اس بار قسمت نے روس کا ساتھ نہیں دیا جوکہ 3-4 سے ہار گیا۔

اس کے ساتھ ہی ایونٹ کی سب سے کم رینک والی ٹیم کا ہنی مون پیریڈ ختم ہوگیا، شائقین آخر میں ہکا بکا ہوگئے، سوچی کے اسٹیڈیم میں موجود 45 ہزار سے زائد شائقین پر سکتہ طاری ہوگیا، بہت سوں کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے، گلیوں میں جشن مناتے شائقین تھم سے گئے، خود ٹیم کی حالت بھی دیدنی تھی جس کو 1966 کے بعد پہلی بار سیمی فائنل کھیلنے کی پوری امید تھی جوکہ حسرت میں تبدیل ہوگئی تاہم بعد ازاں کھلاڑیوں نے خود پر قابو پاتے ہوئے اس بات پر بھی خوشی ظاہر کی کہ وہ 48 برس بعد روس کو کوارٹر فائنل میں پہنچانے میں کامیاب رہے۔

ٹیم کی جانب سے ٹویٹ کیا گیا کہ ہم ٹورنامنٹ سے اس حالت میں رخصت ہورہے ہیں کہ ہماری آنکھوں میں آنسو ہیں مگر ہمارے سر فخر سے بلند ہیں۔ اس مقابلے کی فاتح کروشیا کا سامنا بدھ کو دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے ہوگا۔ پہلا سیمی فائنل منگل کو فرانس اور بیلجیئم کے درمیان کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں