نرم و ملائم ہاتھ خواتین کے حُسن کی علامت

کھردرے اور جھریوں والے ہاتھ پوری شخصیت پر برا اثر ڈالتے ہیں جس سے شخصیت اور وقار مجروح ہوتا ہے۔


حسن آراء July 09, 2018
کھردرے اور جھریوں والے ہاتھ پوری شخصیت پر برا اثر ڈالتے ہیں جس سے شخصیت اور وقار مجروح ہوتا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

چہرے کی دیکھ بھال کے چکر میں ہم اکثر اپنے ہاتھوں کو یکسر بھول جاتے ہیں۔ ہاتھوں کو نرم و ملائم بنانے کے لیے آپ گھریلو نسخہ استعمال کر سکتی ہیں۔ اس کے لیے بہت زیادہ محنت کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔

اکثر ہم چہرے کی دیکھ بھال میں لگ جاتے ہیں اور جسم کے دوسرے حصوں کو یکسر نظر انداز کردیتے ہیں جس کا زیادہ اثر ہمارے ہاتھوں اور پیروں پر پڑتا ہے۔ آپ اپنے پیر تو چھپا سکتی ہیں لیکن اپنے ہاتھ کبھی نہیں چھپا سکتیں، اس کے علاوہ جب آپ اپنی دوست خواتین یا رشتے داروں سے ہاتھ ملاتی ہیں تو آپ کے ہاتھوں کی سختی کی وجہ سے آپ کی شخصیت پر بہت برا اثر پڑتا ہے، اس لیے آپ اپنے ہاتھوں کی رنگت کو نکھاریں اور ان کو نرم و ملائم بنائیں جس کے لیے آپ گھریلو نسخے استعمال کر سکتی ہیں اور ہاتھوں کو نرم و ملائم بناسکتی ہیں۔

کھردرے اور جھریوں والے ہاتھ پوری شخصیت پر برا اثر ڈالتے ہیں جس سے شخصیت اور وقار مجروح ہوتا ہے۔ جس طرح چہرے کو حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح ہاتھوں کو بھی حفاظت اور توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہاتھوں کی پشت زیادہ حساس اور نرم ہوتی ہے، اس لیے یہ زیادہ خراب ہو کر بدنما لگنے لگتی ہے۔

ہتھیلی کی پشت کی جلد پر چکنائی والے غدود نہیں ہوتے، اس لیے اسے جسم کے دوسرے حصوں کی نسبت زیادہ چکنائی کی ضرورت ہوتی ہے اور مطلوبہ چکنائی نہ ملنے کی صورت میں ہاتھوں کی جلد خراب ہو جاتی ہے۔ اگر ہاتھوں پر میل کچیل وغیرہ لگ جائے تو ان پر کیلے کے چھلکوں کو بار بار اور آرام آرام سے رگڑیے، اس سے میل کچیل ختم ہو جائے گااور ہاتھ خوب صورت دکھائی دیں گے۔ ہاتھوں کی حفاظت کے لیے آپ مخصوص کریمیں گھر میں بھی تیار کرسکتی ہیں۔

ایک انڈے کی سفیدی لیں جس میں ایک کپ روغن بادام مکس کر لیں، پھر اس میں ایک چمچہ عرقِ گلاب، آدھا چمچہ ٹنکچر اور ایک لیموں کا رس ملا کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اس آمیزے سے صبح شام ہاتھوں کا مساج کرنے سے واضح تبدیلی آجائے گی۔

صابن یا ڈیٹرجنٹ کا زیادہ استعمال بھی ہاتھوں کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے، اس لیے ہاتھوں کو دھونے کے بعد انہیں کسی اچھے موئسچرائزر کی ضرورت ہوتی ہے، تا کہ صابن کے مضر اثرات سے بچا جاسکے۔ اس کے لیے رات کو سونے سے پہلے کچھ دیر موئسچرائزر لگا کر ہاتھوں کا مساج کرنا چاہیے اس سے بھی ہاتھ نرم ہوجاتے ہیں۔

خواتین جب سبزی بناتی ہیں تو ان کے ہاتھوں پہ دھبے سے پڑ جاتے ہیں خاص طور سے پالک، میتھی، چقندر اور باقلہ کی پھلیاں بنانے سے کئی دن تک ہاتھ صاف نہیں ہوتے۔ کچھ خواتین کی جلد بہت حساس ہوتی ہے، اس لیے ان کی جلد پر بھی داغ پڑجاتے ہیں۔ اس کا آسان حل یہ ہے کہ آپ بازار سے دستانے خریدیں اور انہیں دونوں ہاتھوں پر پہن کر سبزی بنائیں۔ پالک وغیرہ آپ کسی تختے پر رکھ کر کاٹ لیں۔ اب تو پلاسٹک کے کٹنگ بورڈ بھی عام ملتے ہیں۔ آپ پانی میں تھوڑا سا سرکہ ملا کر ہاتھ دھو لیں اس سے دھبے کم ہو جائیں گے۔

اس کا دوسرا حل یہ ہے کہ موٹی چینی ایک چمچہ تھوڑے سے لیموں کے رس میں ڈال کر دونوں ہتھیلیوں سے خوب اچھی طرح رگڑیں۔ جب چینی جب اچھی طرح گھل جائے تو ہاتھ دھو لیں، اس سے ہاتھوں کا کھردرا پن ختم ہو جائے گا۔ یہ عمل رات کو سونے سے پہلے کریں۔

اس کے علاوہ اگر آپ عرقِ گلاب میں تھوڑی سی گلیسرین اور تھوڑا سا لیموں کا رس ملا کر باورچی خانے میں رکھ لیں جس کے بعد برتن دھونے اور سبزی کاٹنے کے بعد ہاتھ دھو کر یہ آمیزہ لگالیں تو اس سے بھی ہاتھ نرم و ملائم ہو جائیں گے۔

تھوڑے سے دودھ میں لیموں کا رس ملائیں، جب دودھ پھٹ جائے تو اسے اچھی طرح ہاتھوں پر دس منٹ تک لگائیں، اس کے بعد دونوں ہاتھ اچھی طرح دھو لیں۔ اس سے بھی ہاتھ نرم اور صاف ہو جاتے ہیں۔ اگر ہاتھوں پر دھبے زیادہ ہوں تو اس میں تھوڑا سا آٹا بھی ملا لیں، لیکن یاد رہے کہ آٹا بھوسی والا ہو۔ اس آمیزے کو ہاتھوں پر اچھی طرح مَل کر اتاردیں تو سارا میل اتر جائے گا۔

خواتین اپنے دونوں ہاتھوں پر پٹرولیم جیلی بھی لگا سکتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گھیکوار کا گودا لگانے سے بھی ہاتھ نرم و ملائم ہوجاتے ہیں۔ اگر آپ کو یہ دست یاب نہ ہو تو دودھ کی بالائی ہاتھوں پر مل لیں۔ اسی طرح کپڑے دھونے کے بعد بھی ہاتھوں پر عرقِ گلاب، گلیسرین اور لیموں والا لوشن لگائیں، اس سے نہ صرف آپ کے ہاتھوں کے دھبے ختم ہو جائیں گے، بلکہ آپ کے ہاتھ نرم و ملائم بھی رہیں گے۔

٭ خوب صورت ہاتھوں کے لیے چند ٹپس:-

1- ہاتھوں کو مضبوطی سے بند کریں پھر ہاتھ کھول کر زور سے انگلیوں کو پھیلائیں پانچ بار یہی عمل کریں۔

2- ہاتھوں کو کلائیوں پر ادھر ادھر زور سے حرکت دیں، لیکن خود ہاتھوں کو ڈھیلا چھوڑے رکھیں۔

3- گھریلو کام کاج یعنی سبزی کاٹتے ہوئے، برتن اور کپڑے دھوتے وقت ہاتھوں پر باریک ربر کے دستانے پہننا نہ بھولیں۔

4- سرد موسم میں جتنی بار ہاتھ دھوئیں، اتنی ہی بار ان پر کریم یا لوشن ضرور لگائیں۔

5- موسم سرما میں کام کاج کی وجہ سے ہاتھ کھردرے اور سخت ہوجاتے ہیں، اس لیے رات کو سونے سے پہلے اپنے ہاتھ صابن اور نیم گرم پانی سے دھولیں، ہاتھوں پر کولڈ کریم ملیں اور پھر سوتی دستانے پہن کر سوجائیں۔ صبح اٹھ کر آپ کو اس عمل کے بہترین نتائج کا علم ہو جائے گا۔

6- اگر آپ کے ہاتھوں کی جلد سیاہ پڑ گئی ہے تو رات کو سونے سے پہلے ہاتھوں پر لیموں کا عرق ملیں، ہاتھوں کو گورا کرنے کے لیے لیموں کا رس اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں