عمران خان کے اثاثوں کی کل مالیت 3 کروڑ86 لاکھ روپے تفصیلات جاری

2017 میں عمران خان نے ایک لاکھ 3 ہزار 763 روپے انکم ٹیکس جب کہ 3 لاکھ 19 ہزار روپے کا زرعی ٹیکس ادا کیا

عمران خان نے 2017 میں سالانہ آمدن 47لاکھ76ہزار 611روپے ظاہر کی فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کے اثاثوں کی تفصیل اورکاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرایا گیا بیان حلفی پارٹی ویب سائٹ پر جاری کردیا ہے جس کے مطابق ان کے اثاثوں کی کل مالیت 3 کروڑ86 لاکھ 94 ہزار روپے سے زائد ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق عمران خان نے زیرکفالت افراد میں بشرٰی بی بی،قاسم خان اور سلیمان خان کو ظاہر کیا ہے، عمران خان نے بنی گالہ جائیداد ایک کروڑ 14 لاکھ 71ہزار روپے ظاہر کی ہے، اس کے علاوہ ان کے پاس بنی گالہ میں ہی 6 کنال کی اراضی کی مالیت 50 لاکھ 50 ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے، انہوں نے گرینڈ حیات پلازہ میں 2 بیڈرومز کا فلیٹ ظاہر کیا ہے جس کی مالیت ایک کروڑ 19لاکھ 70 ہزار روپے بنتی ہے۔ ان کی ملکیت میں ایک بھی ذاتی گاڑی نہیں ہے جب کہ ان کے پاس 2لاکھ روپے کے مویشی اور 5لاکھ کا فرنیچر ہے۔






ویب سائیٹ پر جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق عمران خان کے اثاثوں کی کل مالیت 3کروڑ 86لاکھ 94ہزار روپے سے زائد ہے، 2016 کی نسبت رواں سال ان کے اثاثوں میں 23 لاکھ 2 ہزار روپے کی کمی ہوئی۔ عمران خان نے2017 کی سالانہ آمدن 47 لاکھ 76 ہزار 611 روپے ظاہر کی، جس پر انہوں نے ایک لاکھ 3 ہزار 763 روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔ اس کے علاوہ عمران خان نے 2017 میں 168 ایکڑ زرعی اراضی پر 3 لاکھ 19 ہزار روپے کا زرعی ٹیکس بھی ادا کیا۔

Load Next Story