لندن میں نواز شریف کے گھر ایون فیلڈ پر مشتعل مظاہرین کا حملہ ویڈیو وائرل

نواز شریف گھر میں داخل ہورہے تھے تو مشتعل نوجوانوں نے ان کی جانب بڑھنے کی کوشش کی


ویب ڈیسک July 09, 2018
نواز شریف گھر میں داخل ہورہے تھے تو مشتعل نوجوانوں نے ان کی جانب بڑھنے کی کوشش کی فوٹو:فائل

MELBOURNE: برطانیہ میں نواز شریف کے گھر ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر مشتعل افراد نے مظاہرہ کیا اور دروازے پر لاتیں ماریں جب کہ ن لیگ کے مقامی رہنما کو مارنے پیٹنے کی بھی کوشش کی۔

لندن میں نواز شریف کی ایون فیلڈ رہائشگاہ کے باہر مشتعل نوجوانوں نے ہنگامہ کردیا جس پر برطانوی پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔ واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔

https://twitter.com/MurtazaViews/status/1016046964113321985

نواز شریف لندن میں اپنی ایون فیلڈ رہائشگاہ میں داخل ہو رہے تھے کہ مشتعل نوجوانوں نے ان کے خلاف نعرے بازی شروع کردی اور ان کی جانب بڑھنے کی کوشش کی تو ن لیگ کے مقامی رہنماؤں نے مداخلت کرکے مظاہرین کو روکا جب کہ حسین نواز بھی گھر سے باہر نکل آئے۔

https://twitter.com/KhalidRadical/status/1015959158842101760

مشتعل افراد نے نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جب کہ ایک نوجوان نے مسلم لیگ ن کے رہنما اعجاز گل پر ٹرالی اچھال دی جس سے وہ بال بال بچے۔ بعدازاں بڑی تعداد میں مظاہرین نے نواز شریف کے خلاف احتجاج کیا اور ان کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے پاکستان تحریک انصاف کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ چند افراد نے لاتیں مار کر حسین نواز کے فلیٹ کا عقبی دروازہ بھی توڑنے کی کوشش کی۔



برطانوی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا اور قریب کھڑی گاڑیوں کی تلاشی بھی لی گئی۔ برطانوی پولیس نے کہا کہ کسی کی نجی ملکیت کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، تاہم تاحال واقعے میں ملوث کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا۔



پاکستان تحریک انصاف نے واقعے میں اپنے کارکنوں کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی برطانیہ نے کہا کہ کارکنوں کو نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر جانے یا کسی بھی مظاہرے سے منع کیا ہوا ہے، حسین نواز کے گھر پر حملہ کرنیوالوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، عوام نواز شریف کی رہائشگاہ کے باہر مظاہرے کرنے میں وقت ضائع مت کریں، بلکہ انتخابات میں کردار ادا کریں اور ووٹ کے ذریعے تبدیلی لائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں