آصف زرداری اور فریال تالپور کے بیرون ملک جانے پر پابندی کی تردید

پیپلز پارٹی نے صورت حال پر اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا


ویب ڈیسک July 09, 2018
پیپلز پارٹی نے صورت حال پر اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا فوٹو:فائل

وزارت داخلہ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے اور بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کرنے کی تردید کردی۔

سیکرٹری داخلہ نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے کوئی احکامات جاری نہیں کیے، اس حوالے سے اگر کوئی عدالتی احکامات موصول ہوئے تو پھر معاملے کو دیکھیں گے۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ روز منی لانڈرنگ اور جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ملوث افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تھا۔ ایف آئی اے ذرائع سے ایسی اطلاعات زیر گردش ہیں کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔ دیگر 7 ملزمان کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں جن میں چیئرمین سمٹ بینک نصیر عبداللہ لوتھا، اے جی مجید، انور مجید، طحہٰ رضا، اسلم رضا، عدیل شاہ راشدی شامل ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق اسٹاپ لسٹ میں شامل افراد اب بیرون ملک نہیں جاسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سمٹ بینک، سندھ بینک، یو بی ایل کے سربراہان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

ادھر آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے پر پیپلز پارٹی نے اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس کل لاہور میں طلب کرلیا ہے۔ چیرمین پی پی پی بلاول بھٹو دورہ ملتان مختصر کر کے آج رات لاہور پہنچیں گے۔ بلاول ہائوس میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی مشترکہ صدارت میں اجلاس ہوگا۔ اجلاس میں تمام سینئر قائدین کو بلالیا گیا، مشاورت کے بعد اہم فیصلوں کا اعلان متوقع ہے۔ اجلاس میں نواز شریف کو دی گئی سزا اور عام انتخابات کے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس؛ آصف زرداری اور فریال تالپور کے گرد گھیرا تنگ

گزشتہ روز جعلی بینک اکاؤنٹس ازخود نوٹس کی سماعت میں سپریم کورٹ نے سمٹ بینک، سندھ بینک اور یو بی ایل کے سربراہان سمیت منی لانڈرنگ کیس میں ملوث دیگر ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کے لیے پاناما طرز پر جے آئی ٹی بنائی جائے جس میں مالیاتی ماہرین بھی شامل ہوں۔

اس منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج حسین لوائی کو گرفتار کرلیا ہے۔ جب کہ ایف آئی آر کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کی رقم وصول کرنے والوں میں زرداری گروپ بھی شامل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں