قومی ایئرلائن پھل وسبزیوں کی برآمد بڑھانے کیلیے نیا منصوبہ

رواں سیزن آم کی برآمد کیلیے کارگو گنجائش بڑھاتے ہوئے اضافی ایکویپمنٹ مہیا کیا جائیگا


Business Reporter May 06, 2013
قومی ایئرلائن کے جنرل منیجر کارگو شاہد کھوسو کی سربراہی میں پی ایف وی اے کے دفترکادورہ کرنے والے 7رکنی وفدکاپی ایف وی اے کے صدروحیداحمد، سینئروائس چیئرمین اسلم پکھالی اور دیگرکے ہمراہ گروپ فوٹو۔ فوٹو: ایکسپریس

قومی ایئرلائن نے ملک سے پھل اور سبزیوں کی برآمدات میں اضافے کے لیے نئی کاروباری حکمت عملی مرتب کرلی ہے جس کے تحت رواں سیزن آم کی ایکسپورٹ کے دوران کارگو کی گنجائش بڑھاتے ہوئے اضافی ایکویپمنٹ مہیا کیا جائے گا۔

رواں سیزن گنجائش اور ایکویپمنٹ کی کمی سے برآمدات کو پہنچنے والے نقصان کو ختم کردیا جائے گا۔ آم کی برآمدات میں قومی ایئرلائن کا مارکیٹ شیئر 15فیصد تک محدود ہے جسے 2013کے دوران 25سے 30فیصد تک لایا جائے گا۔ پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل امپورٹرز ایکسپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے پھل اور سبزیوں کی برآمدات کے دوران قومی ایئرلائن کے آپریشنز سے متعلق مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے رواں سیزن مسائل کے حل کی درخواست کی تھی جس پر قومی ایئرلائن کے جنرل منیجر کارگو شاہد کھوسو کی سربراہی میں 7رکنی وفد نے ایسوسی ایشن کے دفتر کا دورہ کیا۔

پی آئی اے کی ٹیم کے دیگر اراکین میں ڈی جی ایم کارگو آپریشنز پرویز رفیع، منیجر کارگو سیلز مشتاق شاہ، ڈی جی ایم کارگو کمپلیکس کرتار، منیجر اسپیس کنٹرول باقر نقی، کارگو سیلز منیجر کراچی عباس زیدی اور منیجر ایئرکارگو سینٹر پی ایم تالپور احمد شامل تھے۔ اس موقع پر پی ایف وی اے کے چیئرمین وحید احمد، سینئر وائس چیئرمین اسلم پکھالی، مجلس عاملہ کے اراکین اور سرفہرست ایکسپورٹرز نے شرکت کی اجلاس کے دوران قومی ایئرلائن کے ذریعے ایکسپورٹ کے دوران گنجائش اور ایکویپمنٹ کی کمی کے سبب کارگو شٹ آف ہونے، کارگو ٹیریف سے متعلق مسائل پر غور کیا گیا جن کی وجہ سے ایک جانب ملکی برآمدات کو نقصان پہنچ رہا ہے دوسری جانب قومی ایئرلائن کو بھی کارگو سے ہونے والی آمدنی میں کمی کا سامنا ہے۔



قومی ایئرلائن کے جنرل منیجر کارگو شاہد کھوسو نے پھل اور سبزیوں بالخصوص رواں سیزن آم کی برآمدات کے لیے پی آئی اے کی حکمت عملی اور تیاریوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ قومی ایئرلائن میں کارگو کے لیے درکار ایکویپمنٹ کی کمی دور کرلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی کرایوں کے حوالے سے ایکسپورٹرز کے خدشات بھی جلد ختم کردیے جائیں گے۔ شاہد کھوسو نے یقین دلایا کہ رواں سیزن قومی ایئرلائن کے ذریعے آم کی ایکسپورٹ پی آئی اے کے بزنس آپریشنز کا مثالی سال ثابت ہوگا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف وی اے کے چیئرمین وحید احمد نے آم کے سیزن میں یورپی ممالک کے لیے قومی ایئرلائن کی چارٹرڈ کارگو فلائٹ سروس کی فراہمی پر زور دیا۔

وحید احمد نے بتایا کہ ملک سے فضائی راستے سے آم کی برآمدات میں قومی ایئرلائن کا شیئر 15فیصد ہے 85فیصد کارگو نجی اور غیرملکی ایئرلائنز کے ذریعے ایکسپورٹ کیا جاتا ہے گزشتہ سال 30ہزار ٹن آم فضائی راستے سے ایکسپورٹ کیا گیا جس پر فریٹ کی مد میں ایئرلائنز کو 3ارب روپے کی آمدن ہوئی تاہم گنجائش کی کمی اور ایکویپمنٹ کے فقدان اور پروازیں نہ ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کو45کروڑ روپے کا بزنس حاصل ہوا۔ وحید احمد نے پی آئی اے حکام کو یقین دہانی کرائی کہ قومی ایئرلائن کی تمام گنجائش مکمل ہونے کے بعد ہی نجی یا غیرملکی ایئرلائنز کو بزنس دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں