نرگس فخری فلم ’’مدراس کیفے‘‘میں صحافی کے روپ میں جلوہ گر ہونگی

نئی فلم ’’مدراس کیفے‘‘ میں جان ابراہم کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگا، نرگس فخری

رواں سال اگست میں ریلیز ہونے والی فلم ’’مدراس کیفے‘‘میں نرگس فخری جان ابراہم کے ساتھ جلوہ گر ہورہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

2011میں بالی وڈ میں قدم رکھنے والی ماڈل و اداکارہ نرگس کی نئی فلم مکمل ہوگئی ہے ۔

اداکارہ کی پہلی فلم رنبیر کپور کے ساتھ تھی۔ رواں سال اگست میں ریلیز ہونے والی فلم ''مدراس کیفے''میں نرگس فخری جان ابراہم کے ساتھ جلوہ گر ہورہی ہیں۔ اداکارہ نرگس فخری نے اس فلم میں روٹین سے ہٹ کر کردار نبھایا ہے۔ جان ابراہم نے فلم میں مرکزی کردار اداکیا ہے جب کہ نرگس فخری ان کے مدمقابل لیڈنگ لیڈی رول میں نظر آئیں گی۔ بالی وڈ اداکارہ نرگس فخری نے کہا ہے کہ نئی فلم ''مدراس کیفے'' میں جان ابراہم کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگا،اس فلم میں دہشتگردی کو موضوع بنایا گیا ہے، مافیا کی خوفناک کہانی بھی ہے اور سچے وکھرے لوگوں کی وفا کا درس بھی ملتا ہے۔ اس فلم میں مجھے ایک بین الاقوامی سطح کی ورکنگ جرنلسٹ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

33سالہ اداکارہ نرگس فخری کا کہنا ہے کہ فلم میں جس نوعیت کا کردار مجھے دیا گیا اسے نبھانا کوئی آسان کام نہ تھا ،یہ انتہائی مشکل اور چیلنجنگ کردار تھا جس کے لیے مجھے بہت سخت محنت کرنا پڑی ۔اس کردار کو خوبی سے نبھانے کے لیے بڑی تگ ودو اور جستجو کی ہے ۔فلم کی کہانی کو سمجھ کر اپنے کردار کو مثالی انداز میں فلمانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائی ہوں ۔فلم کی کہانی اور کردار کے تال میل کو حیقیقت کے قریب تر لانے کے لیے ایسے واقعات پر بھی غور کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ معاشرے میں اس طرز کے کرداروں کا مطالعہ کرتی رہی ہوں ۔اپنے کردار کو نبھانے کے جب قابل ہوئی تو پھر فلم میں کام کرنے کی حامی بھی بھرلی ۔اداکارہ نرگس فخری نے بتایا کہ اس فلم کی شوٹنگز سری لنکا سمیت بھارت کے مختلف مقامات پر کی گئی ہے ۔انھوں نے کہا کہ جان ابراہم نے بھی بہت عمدہ پرفارم کیا ہے۔




فلم میں ہماری جوڑی بھی مثالی ہوگی۔ اس فلم کی ریلیز پر یہ دعوے یقینی طور پر سچ ثابت ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ممبئی میںہونے والی فلم کی شوٹنگ کے موقع پر بھی کہا تھا کہ فلم میں مشکل کردار نبھارہی ہوں اور آج اس کی تکمیل پر بھی یہی کہتی ہوں کہ انتہائی مشکل کردار کو خوبی سے نبھاکر ایک معرکہ مارلیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بالی وڈ کی اداکارائیں مشکل کرداروں کو خوبی سے نبھانے کاہنر جانتی ہیں۔ اداکارہ نرگس فخری نے کہا کہ آنیوالی اس فلم میں اپنے کردار کو آسان بنادیا ہے ۔اس مشکل کو صرف اپنی ذات کی محنت سے ہی مشروط رکھا اگر اس کردار پر زیادہ محنت نہ کرتی تو پھر یہ کردار شائد میرے لیے تو آسان ہوجاتا مگر یہ فلم بینوں کے لیے مشکلات پیدا کرتا کچھ کو تو شائد اس کردار کی سمجھ ہی نہ آتی مگر اپنی تمام خوبیوں کے ساتھ آنیوالی اس فلم میں اپنے کردار کو بہت عمدگی سے نبھایا ہے ۔انھوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ شائقین کو یہ کردار ضرور پسند آئے گا ۔

انھوں نے کہا کہ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا بھی اعلان کیا جاچکا ہے ۔فلم رواں سال 30اگست کو سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس فلم کے جان ابراہم پروڈیوسر بھی ہیں اور فلم ''وکی ڈونر''کے بعد یہ ان کی دوسری فلم ہیں جس کے وہ خود فلمساز بھی ہیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ آئندہ بھی اپنی پرفارمنس کی دھاک بٹھانے کے لیے ایسے ہی مشکل کردار قبول کرتی رہوں گی۔ واضح رہے کہ اداکارہ نرگس فخری 20اکتوبر 1979کو نیویارک کے علاقے کوئنز میں ایک مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ نرگس فخری کی والدہ چیکو سلوواکیہ کی رہنے والی تھیں جب کہ والد کا تعلق پاکستان سے تھا ۔اداکارہ ابھی چھ برس کی عمر میں ہی پہنچیں تو دونوں میں طلاق ہوگئی ۔

اداکارہ سے جب سوال کیا گیا کہ ان کے والد کا تعلق پاکستان سے ہے تو انھوں نے بتایا کہ بے شک والد کا تعلق پاکستان سے ہے مگر میں کبھی پاکستان نہیں گئی ہوں تاہم وہ 2012 میں پاکستان گئیں اور انھیں علی ظفر کے ساتھ پاکستانی موبائل فون نیٹ ورک کا برانڈ ایمبیسیڈر بنایاگیا۔ انھوں نے بتایا کہ کھانا پکانے کا بھی شوق ہے اور باقاعدگی سے یوگا کرتی ہوں۔ فخری امریکی شہریت رکھتی ہیں۔ کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور 2004سے 2009کے دوران امریکی کی ٹاپ ماڈلز میں ان کا شمار ہونے لگا۔ پہلی فلم رنبیر کپور کے ساتھ ''راک اسٹار ''کی جس پر انھیں آئیفا ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے حال ہی میں اکشے کمار کی آنیوالی تین فلموں میں لیڈنگ لیڈی رول نبھانے کے لیے معاہدہ کرلیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رواں سال نئی فلموں کا سلسلہ شروع ہورہا ہے جو کئی برسوں پر پھیل جائے گا۔
Load Next Story