چیمپئنز ٹرافی کیمپ گھومتی گیندوں پر پاکستانی بیٹسمینوں کی بھرپور مشق

موقع ملا تو سعید اجمل کے ساتھ مل کر حریف ٹیموںک یلیے مشکلات پیدا کروں گا، عبدالرحمان

ایبٹ آباد، تربیتی کیمپ میں ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور ایکشن میں، عقب میں مصباح الحق بھی موجود۔ فوٹو: این این آئی

چیمپئنز ٹرافی کیلیے تربیتی کیمپ میں کرکٹرز گھومتی گیندوں پر بیٹ گھمانے کی مشق کرتے رہے، چند مرتبہ بارش کی مداخلت کے باوجود بھرپور بیٹنگ پریکٹس پر توجہ مرکوز رہی۔

محمد حفیظ اپنے بیٹ سے زنگ اتارنے کیلیے اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم کے ساتھ الگ سیشن میں بھی مصروف عمل رہے، آل رائونڈر کا کہنا ہے کہ 8 ملکی ٹورنامنٹ میں ٹائٹل کی طرف سفر آسان نہیں ہوگا، ہر میچ کو اہم سمجھ کر اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی، تجربہ کار سینئرزاور نوجوان ٹیلنٹ پر مشتمل متوازن اسکواڈ حوصلہ افزا نتائج دینے کی صلاحیت رکھتا ہے تاہم مضبوط حریفوں کے مقابل فتوحات کیلیے بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں جان مارنا ہوگی، دوسری طر ف عبدالرحمان نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں پیسرز اور اسپنرز کیلیے و کٹیں حاصل کرنے کے یکساں مواقع ہونگے، پلیئنگ الیون میں جگہ ملی تو سعید اجمل کے ساتھ مل کر بیٹسمینوں کیلیے مشکلات پیدا کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلیے تربیتی کیمپ کے تیسرے روز چند مرتبہ بارش کی مداخلت کے باوجودقومی کرکٹرز نے بھرپور بیٹنگ پریکٹس کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا،منتخب کھلاڑیوں کا باہمی مقابلہ 40کے بجائے 35اوورزتک محدو د کردیا گیا،مصباح الحق اورمحمد حفیظ خاص طور پر بھرپور فارم میں نظر آئے،کئی ایک بیٹسمینوں کو مزید پریکٹس دینے کیلیے ایک سے زیادہ باربیٹنگ دی گئی، جنہوں نے گھومتی گیندوں پر بیٹ گھمانے کی بھرپور مشق کرنے پر توجہ مرکوز رکھی، محمد حفیظ نے ایشیائی وکٹوں پر بیک فٹ پنچ کے ذریعے کافی رنز اسکور کیے تھے مگر جنوبی افریقہ میں سیمنگ گیندوں پر مسائل کاشکارنظرآئے، انھوں نے خاص طورپر سوئنگ ہوتی گیندوں پر اسٹروکس کی مشق کی،اس اسٹروک پر اپنی صلاحیت کو نکھارنے کیلیے انھوں نے پریکٹس میچ کے علاوہ بھی اسسٹنٹ کوچ شاہداسلم کے ساتھ الگ سیشن بھی کیا۔




اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فارم میں واپسی کیلیے کوئی نیا تجربہ نہیں بلکہ اپنی نارمل تکنیک پر کام کررہا ہوں،ہفتہ بھر کے کیمپ میں نئے حربے تیار کرنے نہیں بلکہ خود کو ان کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے کیلیے ایبٹ آباد میں آئے ہیں جن سے آئندہ ایک ڈیڑھ ماہ میں سامنا کرنا ہوگا، پوری کوشش ہے کہ کوچنگ اسٹاف کی معاونت سے اپنی پرفارمنس میں بہتری لانے میں کامیاب ہوں،محمد حفیظ نے کہا کہ تجربہ کار اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے امتزاج سے تشکیل پانے والی ٹیم حوصلہ افزا نتائج دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،تاہم چیمپئنز ٹرافی میں دنیا کی سرفہرست ٹیموں کی موجودگی میں کسی حریف کو بھی آسان نہیں کہا جاسکتا،ہر میچ میں بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی، کسی ایک کھلاڑی کی پرفارمنس کے بل بوتے پر مقابلے جیتنے کی ہر کوشش کامیاب نہیں ہوتی، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں جان لڑاتے ہوئے بحیثیت ایک یونٹ کے عمدہ کارکردگی دکھاکر ہی ٹائٹل جیتنے کا خواب پورا کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوم گرائونڈز پر مختلف انٹرنیشنل بولرز کو کھیل کراعتماد حاصل ہوتا ہے، بدقسمتی سے ہم ایسے مواقع سے محروم چلے آرہے ہیں، جب بھی ملک سے باہر کھیلنے جائیں تو کئی بولرز کو کھیلنا ایک نیا ہی تجربہ ہوتا ہے جس میں ناکامی ٹیم کی کا رکردگی پر بری طرح اثر انداز ہوتی ہے، اس کے باوجود ہماری کوشش ہوتی ہے کہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں، انہوں نے جاوید میانداد اور وسیم اکرم کی کیمپ میں موجودگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق شہرہ آفاق کھلاڑیوں کی رہنمائی سے کھلاڑیوں کو ایک نیا حوصلہ ملا ہے،ٹیم جواں عزم لئے چیمپئنز ٹرافی کی مہم پر روانہ ہوگی۔دوسری جانب عبدالرحمان نے کہا کہ انگلینڈ کی وکٹوں پرا سپنرز کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

ہر ٹیم میں کم از کم دو سلو بولرز شامل ہوں گے، انہوں نے کہا کہ چیمپئنزٹرافی میں فاسٹ بولرز کے ساتھ اسپنرز کیلیے بھی وکٹیں حاصل کرنے کے برابر مواقع ہوں گے،انہوں نے کہا کہ اگرچہ ماضی قریب میں پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بن پائی تاہم ٹیم کے ساتھ وقت گزارا، ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی مصروف رہا، انگلینڈ میں کائونٹی کھیلنے کی وجہ سے وہاں کاتجربہ بھی رکھتا ہوں ، موقع ملا تو اپناانتخاب درست ثابت کردوں گا، انہوں نے کہا کہ پلیئنگ الیون میں شمولیت کا فیصلہ کوچ اور کپتان کو میچ کی کنڈیشنز دیکھ کر کرنا ہوتا ہے،میری جگہ نہ بن پائے تو دل پر نہیں لگاتا، جنوبی افریقہ میں وہی کمبی نیشن رکھا گیا جو اس وقت کے حالات میں مناسب تھا،اب بھی جہاں میری ضرورت محسوس کی گئی 100 فیصد کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کروں گا،پر عزم ہوں کہ موقع ملاتو ماضی کی طرح ایک بار پھر سعید اجمل کے ساتھ مل کر حریف بیٹنگ لائن کیلیے مشکلات پیدا کروں گا۔
Load Next Story