آئی پی ایل ممبئی نے چنئی کی فتوحات کا سلسلہ روک دیا

راجستھان رائلز نے پونے واریئرز کو 5وکٹ سے ہرادیا، راہنے اور ڈریوڈ کی ففٹیز


Sports Desk May 06, 2013
چنئی کیخلاف آئی پی ایل میچ میں ممبئی انڈینز کے فاسٹ بولر مچل جونسن وکٹ ملنے پر مسرور۔ فوٹو: بی سی سی آئی

آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز نے چنئی سپرکنگزکی مسلسل 7 میچز فتوحات کا سلسلہ روک دیا، دھونی الیون کو 60رنز سے شکست ہوگئی۔

اجنکیا راہنے اور ڈریوڈ کی نصف سنچریوں کی بدولت جے پور راجستھان رائلز نے پونے واریئرزکو 5وکٹ سے ہرادیا۔تفصیلات کے مطابق ممبئی میں میزبان انڈینز نے پہلے کھیل کر 5وکٹ پر 139رنز اسکور بورڈ پر جوڑے، ڈیوائن اسمتھ 22 اور سچن ٹنڈولکر15رنز بناکر پویلین واپس ہوگئے، دنیش کارتھک نے 23رنز بنائے، ویسٹ انڈین آل رائونڈر کیرون پولارڈ کا بیٹ اس مرتبہ نہیں چل پایا وہ محض ایک رن بناکر رویندراجڈیجا کا شکار بن گئے، روہت شرما نے 39رنزناٹ آئوٹ بناکر ٹیم کو قابل قدر مجموعے تک رسائی دلائی، ہربھجن سنگھ نے 25کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ان کا بھرپور ساتھ دیا، رویندرا جڈیجا سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے، انھوں نے 29رنز دیکر 3وکٹیں اپنے نام کیں، چنئی کی بیٹنگ لائن 79 پر ڈھیر ہوگئی، یہ موجودہ ایونٹ کا اب تک کا سب سے کم ترین ٹوٹل ہے، اوپنر مائیک ہسی 22 کے بعد رویندرا جڈیجا20 اور کپتان دھونی10رنز کے ساتھ ہی انفرادی اسکورکو دہرے ہندسے تک لے جاسکے۔



مہمان ٹیم کے تین پلیئرز صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، مچل جونسن اور پراگیان اوجھا نے 3،3 جبکہ لسیتھ مالنگا نے 2 کھلاڑیوں کو قابو کیا، چنئی کی موجودہ سیزن میں یہ اوے میچ میں پہلی ناکامی ہے۔ دوسری جانب جے پور میں راجستھان رائلز نے پونے واریئرز کو 5وکٹ سے ہرادیا، ناکام سائیڈ نے 4وکٹ پر 178رنز بنائے، روبن اوتھاپا54 اور آرون فنچ45رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مچل مارش نے 35رنز ناٹ آئوٹ بنائے، انجیلیو میتھیوز نے 18رنز بنانے کیلیے15گیندیں مستعار لیں، جیمز فلکنر، کیون کوپر اورسدھارتھ ترویدی نے ایک،ایک وکٹ لی۔ راجستھان نے 5وکٹ پر 182رنز بناکر ہدف تک رسائی حاصل کی، اسٹورٹ بنی نے13 گیندوں پر 32رنز بٹور کر میچ کا اختتام کیا، کپتان راہول ڈریوڈ اور اجنکیا راہنے نے ٹیم کو 98رنز کی مضبوط بنیاد فراہم کی، راہنے67 اور ڈریوڈ 58رنز بناکر میدان بدر ہوئے، شین واٹسن جادونہیں جگاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں