دوسرا ون ڈے زمبابوے کا بنگلہ دیش پر بھرپور جواب وار

6وکٹ سے فتحیاب ، سین ولیمزکی ففٹی،کیل جاروس کی غلطی پر عبدالرزاق نے کیریئر کی پہلی نصف سنچری بناڈالی


Sports Desk May 06, 2013
بولاوایو: سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں زمبابوین بولر ایلٹن چگمبرا کی بولنگ پر بنگلہ دیشی بیٹسمین ناصر حسین اسٹروک کھیلنے کیلیے تیار، میزبان ٹیم نے مقابلہ 6وکٹ سے جیت لیا۔ فوٹو: اے ایف پی

زمبابوے نے جوابی وار کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو دوسرے ون ڈے میں 6وکٹ سے شکست دیکر تین میچز کی سیریز میں واپسی اختیار کرلی۔

سین ولیمز نے کیریئر بیسٹ 78کی اننگز کھیل کر ٹیم کو چھ وکٹ سے فتحیاب کرادیا، ووسی سبانڈا ایک رن کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہیں کرپائے،کیل جاروس کی غلطی سے فائدہ اٹھاکر عبدالرزاق نے کیریئر کی اولین ون ڈے انٹرنیشنل ففٹی بنالی، دونوں ممالک میں فیصلہ کن معرکہ بدھ کو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق میزبان ٹیم نے 47.5 اوورز میں 4وکٹ کے نقصان پرہدف حاصل کرلیا، ورلڈ کپ 2011 کے بعد اپنا دوسرا ون ڈے کھیلنے والے سین ولیمز نے 75 گیندوں پر 78 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ ان کے کیریئر کی اب تک کی بہترین کاوش ہے، میکولم والر نے 39 رنز بناکر ان کا بھرپور ساتھ دیا، دونوں پلیئرز کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 13.4اوورز میں 86رنز کی شراکت نے بنگلہ دیشی بولرز کے حوصلے پست کردیے، ان سے قبل ووسی سبانڈا نے بھی واپسی پر 49 کی پراعتماد اننگز کھیلی، پاکستانی نژاد بیٹسمین سکندر رضا اس مرتبہ 23رنز بنانے میںکامیاب ہوئے، شفیع الاسلام نے 2 جبکہ ضیاالرحمان اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ لی۔



ٹائیگرز نے پہلے کھیل کر مقررہ 50 اوورز میں 9وکٹ پر 252رنز اسکور بورڈ پر سجائے، اوپنرز تمیم اقبال6 اور محمد اشرفل8 کے جلد میدان بدرہوجانے کے بعد مومن الحق 24 اور مشفیق الرحیم26 نے ٹیم کو سہارادیا، ناصر حسین 36 اور شکیب 34رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، محمود اللہ نے 31رنز کی صورت حصہ ڈالا،عبدالرزاق نے کیریئر کی اولین نصف سنچری بنائی،ان کی وکٹ پر آمد کے وقت ٹائیگرز 44ویں اوورز میں 185 پر 7وکٹیں گنواچکے تھے، اس سے قبل 30 سالہ عبدالرزاق کا بہترین ون ڈے انٹرنیشنل اسکور35 تھا، کیل جاروس نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ ڈراپ کرکے انھیں ففٹی بنانے کا موقع بھی فراہم کیا، عبدالرزاق نے 22 گیندوں پر 53رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر ٹیم کو تقویت فراہم کی، ان کی اننگز میں 4چوکے اور 5 چھکے شامل رہے، ایلٹن چگمبرا نے 3 جبکہ ٹینڈائی چتارا نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں