ڈس ایبلڈ کرکٹ پاکستان نے انگلینڈ کو 78 رنز سے زیرکرلیا

محمد شہباز کی سنچری، نہار عالم کے 4 شکار، ٹیم نے2 پوائنٹس حاصل کرلیے

دوسرے میچ میں انگلش ٹیم کا بنگلہ دیش پر8وکٹ سے غلبہ،ہیمنڈ کے81 رنز۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ میں جاری ٹرائی نیشن ڈس ایبلڈکرکٹ سیریز میں شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنے پہلے ہی میچ میں مضبوط حریف میزبان انگلینڈکی ڈس ایبلڈ ٹیم کو باآسانی 78رنز کی شکست سے دوچار کرکے 2 قیمتی پوائنٹس اپنے کھاتے میں درج کرالیے۔

پاکستان کی جانب سے محمد شہباز، محمد حارث، ملک کاشف، سیف اﷲ اور ماجد حسین نے انگلینڈ کیخلاف اپنے انٹرنیشنل کیریئرکا آغاز کیا، وارکشائر کے برنارڈگرین کرکٹ گراؤنڈ پر انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ڈس ایبلڈ ٹیم کے محمد شہباز اور حسنین عالم نے پہلی وکٹ کیلیے 190رنز کی رفاقت قائم کرکے انگلینڈ کے فیصلے کوغلط ثابت کردیا۔

محمد شہباز نے صرف 69گیندوں پر 11چوکوںاور9 چھکوں کی مدد سے 121کی عمدہ اننگز کھیلی، حسنین عالم نے بھی 42گیندوں پر 5چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین سیف اﷲ نے 16 اور جہانزیب ٹوانہ نے 12رنز بنائے، قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 224 رنز بنائے، الیکس ہیمنڈ نے 2 اور فریڈ بریجس نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔


انگلینڈ کی ٹیم جوابی اننگز میں 18.5اوورز میں 146رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ لائم برائن نے60 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، لائم تھامس نے 26، الیکس ہیمنڈ نے 16 اور ڈین رونالڈو 10رنز بنائے، کپتان نہار عالم نے 4حریف بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا، محمد حارث نے 3، ملک کاشف نے 2 جبکہ ایک وکٹ واقف شاہ کے ہاتھ لگی۔

اسی گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پہلے میچ میں ناکامی کے بعد بنگلہ دیش کو8 وکٹوں سے شکست دیکر کھاتہ کھول لیا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 195 کا مجموعہ ترتیب دیا، جاوید وائن نے 63، شہریار شمیم نے 56، محمدعمران نے 27 جبکہ عارف الاسلام کے 24 رنز رنز اسکور کیے، لائم برائن نے 2، کالم فلائن اور فرید بریجس کو ایک ایک وکٹ ملی۔

انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف با آسانی 2 وکٹوں پر عبور کرلیا، الیکس ہیمنڈ نے81 ، لائم تھامس نے57 ، ہیگو ہیمنڈ نے31 اور کالم فلائن نے 20رنز اسکور کیے، محمد ارسل اور منیر الزمان کو 1،1 وکٹ ملی۔

 
Load Next Story