بے نظیر بھٹو قتل کیس کا ملزم جیل سے پراسرار طور پر لاپتہ

ہم نے ملزم رفاقت حسین کو رہا کر دیا تھا لیکن سی ٹی ڈی کے اہلکار اسے دوبارہ گرفتار کرکے لے گئے، جیل حکام

جیل انتظامیہ نے ہمیں بلایا اور بتایا کہ ہم نے رفاقت حسین کو رہا کردیا ہے، والد ملزم : فوٹو : فائل

بے نظیر بھٹو قتل کیس کا ملزم رفاقت حسین کوٹ لکھپت جیل سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بے نظیر قتل کیس کے مبینہ ملزم رفاقت حسین کے والد نے لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ میں درخواست دائر کی ہے کہ ان کا بیٹا کوٹ لکھپت جیل سے لاپتہ ہوگیا ہے، عدالت نے ہمارے بیٹے کو بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بری کردیا تھا لیکن وہ اب تک جیل میں نظر بند تھا، جیل انتظامیہ نے ہمیں بلایا اور کہا کہ ہم نے ملزم کو رہا کردیا ہے تاہم ہمیں بتایا نہیں جارہا کہ ہمارا بیٹا کہاں ہے۔ دوسری جانب جیل حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے ملزم رفاقت حسین کو رہا کر دیا تھا اور سی ٹی ڈی کے اہلکار اسے دوبارہ گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔


ہائی کورٹ کے جسٹس صداقت علی خان نے رفاقت حسین کے والد صابر حسین کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی ہے اور آر پی او سی ٹی ڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 جولائی کو جواب طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ ملزم رفاقت حسین کو انسداد دہشت گردی عدالت نے اگست 2017 میں بری کردیا تھا تاہم وہ اب تک نظر بند تھا۔
Load Next Story