ڈیمز کی تعمیر اسٹیٹ بینک نے عطیات کیلیے اکاؤنٹ کھول دیا

بھرپور رسپانس مل رہا ہے، درکار رقوم سے زائد فنڈ ملنے کی امید ہے، شمس الحسن


Business Reporter July 11, 2018
اسٹیٹ، نیشنل، یونائٹیڈ، الا ئیڈ اورحبیب کی انتظامیہ و ملازمین کا عطیہ دینے کا اعلان۔ فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کے حکم پرفوری عمل درآمد کرتے ہوئے دیا میربھاشا اورمہمند ڈیم کے عطیات کی وصولی کے لیے اکاؤنٹ کھول دیا جبکہ ملک کے تمام بڑے کمرشل بینکوں نے بھی عطیات کی وصولی شروع کردی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنرشمس الحسن نے چیف جسٹس ثاقب نثارکی جانب سے غیرمتنازع ڈیموں کی تعمیر کے لیے عوامی فنڈ ریزنگ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کی معیشت کے لیے اہم اقدام قرار دیا انھوں نے کہا کہ ڈیموں کی تعمیر کے لیے عوام کی جانب سے بھرپور رسپانس مل رہا ہے اوردرکار رقوم سے زائد فنڈ اکھٹا ہونے کی امید ہے۔

گزشتہ روز مرکزی بینک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک نے گورنر اسٹیٹ بینک سمیت افسران اور ملازمین کی جانب سے دو روز کی تنخواہیں ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے اور اسٹیٹ بینک کے ذیلی دفاتر کے ملازمین کی ایک روز کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پر نیشنل بینک کے صدر سعیداحمد،یو بی ایل کی صدر سیما کامل اور حبیب بینک کے صدر اور سی ای او محمد اورنگزیب سمیت الائیڈ بینک اور دیگر بینکوں کے ڈائریکٹر اورذمے داران بھی موجودتھے۔

ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ اے ٹی ایم، آئن لائن سسٹم کی مدد سے ملک بھر کی 16 ہزار شاخیں ڈیم کی تعمیر کے لیے عوام سے فنڈ جمع کریں گی ،یہ فیصلہ ہمارے ملک کی ترقی اور پاکستان میں پانی کی کمی کو کم کرنے میں مدد دے گا۔ صدر نیشنل بینک سعید احمد نے کہا کہ نیشنل بینک کی تمام برانچوں میں جمع ہونیوالی رقم روزانہ کی بنیاد پراسٹیٹ بینک کو منتقل ہوگی۔

سربراہ حبیب بینک اورنگزیب احمد نے کہا کہ ایچ بی ایل نے خصوصی ہیلپ لائن بھی قائم کردی ، صارف ہیلپ لائن کے ذریعے معلومات لے سکتے ہیں،تمام شاخوں پر فنڈ جمع کیا جارہا ہے، ایچ بی ایل کے تمام ملازمین ایک دن کی تنخواہیں عطیہ کریں گے، ایچ بی ایل کے بورڈ اور انتظامیہ کی جانب سے10کروڑ روپے جمع کرائے جائیں گے۔

صدر یو بی ایل سیما کامل نے کہا کہ یو بی ایل کے ملازمین ایک دن کی تنخواہیں عطیہ کریں گے،بینک کی انتظامیہ ملازمین کے فنڈ کے مساوی رقم جمع کروائے گی،ایس ایم ایس سروس کے ذریعے صارفین کو آگاہی دے رہے ہیں۔ الائیڈ بینک نے بھی ملازمین کی جانب سے ایک دن کی تنخواہ اور انتظامیہ و بورڈ کی جانب سے ملازمین کے مساوی فنڈ عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں