کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار

کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوارہوگیا


ویب ڈیسک July 11, 2018
سڑکوں پر پھسلن کے باعث موٹر سائیکل سوار حادثات کا شکارہوگئے، فوٹوفائل

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے ہونے والی ہلکی وتیز بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں آج علی الصبح سےہی ہلکی وتیز بونداباندی کاسلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں ڈیفنس، لانڈھی، کورنگی، ملیر، گلشن اقبال، شارع فیصل اور نارتھ کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ بارش کے مزے لوٹنے کے لیے کراچی کے باسیوں نے ساحل سمندر کا رخ کرلیا، تاہم بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن ہوگئی اور کئی موٹر سائیکل سوار حادثات کا شکار ہوگئے۔

محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ سمندر کی نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے شہر کا مطلع ابرآلود ہے اور کراچی کا موسم اگلے 4 دن تک معتدل رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں آج بھی دن بھر بادل چھائے رہیں گے۔

دوسری جانب بارش کے باعث جہاں لوگوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی وہیں شہر کا بیشتر علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں اوربرقی آلات سے دور رہیں، گیلے ہاتھوں سے بجلی کے تار نہ چھوئیں جب کہ موٹر سائیکل سواروں کو بھی احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری موٹر سائیکل آہستہ چلائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش ہوئی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں