آصف زرداری اور ان کے دوست نوازشریف کی باریاں ختم ہوگئیںعمران خان

قومیں سڑکیں بنانے سے نہیں لوگوں کو عدل اور انصاف دینے سے بنتی ہیں اور ہم پاکستانیوں کو ایک قوم بنائیں گے، عمران خان


ویب ڈیسک May 06, 2013
11 مئی کو ہم نے نیا پاکستان بنانا ہے جہاں سرکاری اسکولوں کی تعلیم کا بہترین معیار ہوگا، عمران خان۔ فوٹو: ایکسپریس

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور ان کے قریبی دوست نواز شریف کی باریاں ختم ہوگئیں، اپنے آپ کو شیر کہنے والے 11مئی کےبعد چھپتے پھریں گے۔

قصور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کبھی بھی چورچور کا احتساب نہیں کرسکتا اور جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی اس وقت تک پاکستان کابھی کوئی مستقبل نہیں ہوگا، ہم شیر کے شکاری ہیں اور ہمیں پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں کا شکار کرنا ہے، آصف زرداری اور نواز شریف نے وفاق اور صوبوں میں 5،5 باریاں لیں لیکن کرپشن اور لوٹ مار کے علاوہ کچھ نہیں کیا، ہمارے پاس ملک کا انتظامات چلانے کے لئے پیسے نہیں لیکن آصف زرداری نئے نوٹ چھپوا کر اسے لوٹنے میں مصروف ہیں، ان کے سوئٹزرلینڈ میں 6 ارب روپے پڑے ہیں لیکن نواز شریف کچھ نہیں بولتے کیونکہ وہ خود کرپٹ ہیں، انہوں نے ایجنسیوں سے پیسے لئے، رحمان ملک کے مطابق اسحق ڈار کے ذریعے کروڑوں ڈالر بیرون ملک بھجوائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ سےفیکٹریاں بند اور مزدور بیروزگار ہیں، کوئی جنوبی پنجاب، کوئی سرائیکی صوبہ اورکوئی ہزارہ صوبہ مانگ رہا ہے کیونکہ یہاں انصاف نہیں ہے۔ پنجاب کا سارا ترقیاتی فنڈ سڑکوں پر لگا دیا گیا، سڑکیں بنانے سے قوم نہیں بنتی، لوگوں کو عدل اور انصاف دینے سے قوم بنتی ہے، ہم پاکستانیوں کو ایک قوم بنائیں گے، قوم بن جائے تو سڑکیں، عمارتیں سب کچھ بن جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں تبدیلی نہ آئی تو انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن ان کے ملک کو فرق پڑے گا کیونکہ اللہ نے انہیں بہت کچھ دے رکھا ہے لیکن قوم کے لئے آگے اندھیرا ہی اندھیرا ہوگا، 11 مئی کو ہم نے نیا پاکستان بنانا ہے جس میں سرکاری اسکولوں کی تعلیم کا بہترین معیار ہوگا، ترقیاتی فنڈز گاؤں کی منتخب پنچایت کو ملیں گے جو خود اسکول، سڑکیں ور اسپتال کا انتظام چلائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں