سربجیت کو’’شہید‘‘ کادرجہ دے کردراصل بھارت نے دہشتگردی کو فروغ دیا وزارت اطلاعات

سربجیت سنگھ کو اعزاز کے ساتھ دفنانے کے عمل سے دنیا کی سب سے بڑی جمہویرت کے دعویدار ملک کا پول کھل گیا، وزارت اطلاعات


ویب ڈیسک May 06, 2013
انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بھارت میں پاکستانی قیدی ثنااللہ پر وحشیانہ تشدد کی بھی مذت۔ فوٹو: فائل

لاہور: وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ بھارت نے سربجیت سنگھ کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ کرکے اوراسے ''قومی شہید'' کا درجہ دے کر دراصل دہشت گردی کو فروغ دیا ہے۔

وزارت اطلاعات کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی انٹیلی جنس افسر نے سربجیت سنگھ کو "را" کا ایجنٹ قرار دیا اوربھارت کی جانب سے اس کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ کرنے سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک کا پول کھل گیا، ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کا یہ رویہ دراصل دہشت گردی کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔

دوسری جانب انسانی حقوق انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھارت کی جانب سے سربجیت سنگھ کو ہیرو بنا کر اعزاز کے ساتھ دفنانے کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سربجیت ایک دہشت گرد اور جاسوس تھا لیکن بھارت نے اس کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ کرکے اسے ہیرو بنانے کی کوشش کی۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے کشمیر کی جیل میں قید پاکستانی ثنااللہ پر سابق بھارتی فوجی کے وحشیانہ تشدد کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ثنااللہ کبھی بھی دہشت گردی یا جاسوسی میں ملوث نہیں رہا بلکہ اس نے غلطی سے بھارت کی سرحد پار کی تھی۔

واضح رہے کہ سربجیت سنگھ کو 16 سال قبل 1990 میں لاہور اور فیصل آباد میں بم دھماکوں کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی جس میں 14 پاکستانی شہید ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔