رومان پَرور ہوں شردھا کپور

شردھا کپور بولی وڈ کے معروف اداکار شکتی کپور کی بیٹی ہے۔


Amir Shakur May 06, 2013
شردھا کپور بولی وڈ کے معروف اداکار شکتی کپور کی بیٹی ہے۔ فوٹو : فائل

شردھا کپور بولی وڈ کے معروف اداکار شکتی کپور کی بیٹی ہے۔

وہ 2010ء میں فلم '' تین پتّی'' سے اداکاری کے افق پر نمودار ہوئی تھی۔ اس فلم کی کاسٹ میں امیتابھ بچن اور ہالی وڈ اسٹار بین کنگسلے جیسے اداکار شامل تھے۔ '' تین پتّی'' اگرچہ شائقین کی توقعات پر پوری نہیں اترسکی، مگر نووارد اداکارہ کی حیثیتسے شردھا کی کارکردگی کو سراہا گیا تھا۔

اس کی اگلی فلم '' لو کا دی اینڈ '' ہلکی پھلکی رومانوی مزاحیہ فلم تھی۔ اس فلم میں شردھا کی خوب صورت اور پُراعتماد اداکاری نے سب ہی کی توجہ حاصل کی اور اسے بہترین اداکارہ کے ایوارڈز بھی ملے۔ '' عاشقی ٹو ''خوب رُو اداکارہ کی تازہ ترین فلم ہے۔ ناظرین میں اس فلم کی پسندیدگی نے اس کے کیریئر کو مزید استحکام دیا ہے اور اسے اپنی کام یابیوں کے سفر کو جاری رکھنے کا حوصلہ بخشا ہے۔

آدتیہ رائے کپور اس فلم کا ہیرو ہے جب کہ ہدایات موہت سوری نے دی ہیں۔ '' عاشقی ٹو'' ڈائریکٹر اور پروڈیوسر مہیش بھٹ کی سپرہٹ فلم '' عاشقی'' کا ری میک ہے جو 1990ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ راہول رائے اور انواگروال اس فلم کی مرکزی جوڑی تھے۔ شردھا سے مختلف موضوعات پر کی گئی ہلکی پھلکی گفتگو قارئین کی نذر ہے۔

٭ '' عاشقی ٹو'' کو فلم بینوں نے ہاتھوں ہاتھ لیا ہے۔ فلم کی پسندیدگی پر کیا کہیں گی؟
میں اپنے پرستاروں اور فلم بینوں کی مشکور ہوں کہ انھوں نے اس فلم کو سند قبولیت بخشی۔ '' عاشقی ٹو'' کے گیتوں کی بے پناہ مقبولیت کے بعد مجھے اس فلم کی کام یابی کا یقین ہوگیا تھا۔

٭ '' عاشقی ٹو'' کا '' عاشقی'' سے مسلسل موزانہ کیا جاتا رہا ہے۔ کیا اس تقابل سے آپ پر دباؤ بڑھ گیا تھا؟
'' عاشقی'' ایک بلاک بسٹر فلم تھی، اس لحاظ سے واقعی مجھ پر دباؤ تھا، مگر ذاتی طور پر میں نے کوئی دباؤ محسوس نہیں کیا۔ البتہ سولو ہیروئن کے طور پر پہلی فلم ہونے کی وجہ سے میں قدرے نروس ضرور تھی۔

٭ '' عاشقی ٹو'' ایک رومانوی فلم ہے۔ کیا رومانس آپ کے مزاج میں بھی شامل ہے؟
جی ہاں، میں بہت رومانوی لڑکی ہوں، اور میرا ماننا ہے کہ محبت پاگل پن سے بھرپور ہونی چاہیے
( مسکراہٹ )۔

٭ بے باک مناظر ہندی فلموں کا ناگزیر حصہ بن گئے ہیں۔ کیا آپ اسکرین پر بے باکی کا مظاہرہ کرنے کے حق میں ہیں؟
اگر یہ سین کی ضرورت ہے تو پھر میں اس میں کوئی حرج نہیں سمجھتی۔ دراصل میں کسی بھی سین کو بولڈ یا نارمل سین کے طور پر نہیں دیکھتی۔ میرے لیے وہ بس ایک سین ہے جسے مجھے ڈائریکٹر کی ہدایت کے مطابق عکس بند کروانا ہوتا ہے۔ بہرحال مجھے ابھی تک بولڈ رول کرنے کی پیش کش نہیں ہوئی، اگر ہوئی تو پھر سوچوں گی۔



٭ آپ کی ابتدائی دونوں فلمیں فلاپ ہوگئی تھیں۔ ان فلموں کی ناکامی پر آپ مایوس تو ضرور ہوئی ہوں گی۔۔۔
میں بہت اپ سیٹ ہوگئی تھی۔ '' تین پتّی'' میرے کیریئر کی پہلی فلم تھی، اس لحاظ سے یہ میرے لیے بہت خاص فلم تھی۔ اس فلم کی ناکامی نے میرا دل توڑ دیا تھا۔ اس وقت والدین نے مجھے حوصلہ دیا اور سمجھایا کہ یہ تو انڈسٹری کا حصہ ہے اور اگر میں ناکامی کو دل پر لوں گی تو کبھی کام یاب نہیں ہوسکوں گی۔

اس کے بعد مجھے '' لو کا دی اینڈ'' میں اداکاری کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم میرے لیے ایک یادگارتجربہ ثابت ہوئی۔ مالیاتی لحاظ سے اس فلم کی کارکردگی زیادہ بہتر نہیں رہی مگر میری اداکاری کو فلم بینوں کے ساتھ ساتھ ناقدین نے بھی سراہا تھا جس کی مجھے بہت خوشی ہوئی تھی۔

٭ ایک نیا رجحان چل نکلا ہے کہ صف اول کی اداکارائیں بھی ایسی فلمیں کررہی ہیں جن میں ان کا کردار چند ایک سین اور دو گیتوں تک محدود ہوتا ہے۔ کیا آپ بھی ایسے رول کرنا چاہیں گی؟
میرے لیے کردار کی طوالت سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ وہ کس قدر مضبوط ہے اور کہانی پر کتنا اثرانداز ہوتا ہے۔ ایسے کئی اداکار ہیں جنھوں نے فلموں میں مختصر کردار ادا کیے مگر ان کے یہ کردار آج بھی فلم
بینوں کی یادداشت میں محفوظ ہیں۔ مجھے اگر اس قسم کے کسی کردار کی پیش کش ہوتی ہے تو میں ضرور کروں گی۔
٭ کیاشکتی کپور آپ کے پسندیدہ اداکار ہیں؟
جی ہاں، مجھے ان کی اداکاری بے حد پسند ہے۔ جب میں چھوٹی تھی تو ان کے ساتھ ہی فلم کے سیٹ پر چلی جایا کرتی تھی۔ وہ ہمیشہ ولین کا رول کرتے تھے اور میں ان پر ناراض ہوتی تھی کہ وہ اسی طرح کے رول کیوں کرتے ہیں۔ پھر والدہ مجھے سمجھاتی تھیں کہ وہ تو بس اداکاری کر رہے ہیں۔ پاپا کے ساتھ فلم سیٹ پر بار بار جانے ہی کی وجہ سے مجھ میں اداکاری کا شوق پیدا ہوا۔ مجھے فخر ہے کہ میرے والد ایک بڑے اداکار ہیں۔

٭ فلم سائن کرنے کے سلسلے میں کیا آپ اپنے والدین سے مشورہ لیتی ہیں؟
گھر والے مجھے قدم قدم پر مشورے دیتے ہیں۔ رات کو کھانے کی میز پر فلمیں اور فلم سازی ہی گفتگو کا موضوع ہوتی ہے۔ میرے والد اور میری آنٹی ، پدمنی کولہا پوری قدم قدم پر میری راہ نمائی کرتے ہیں۔ ان کے مشورے میرے لیے بہت کارآمد ثابت ہوئے ہیں کیوں کہ انھوں نے فلم انڈسٹری میں طویل عرصہ گزارا ہے اور وہ اس نگر کی اونچ نیچ سے بخوبی واقف ہیں۔

٭ ان دنوں کیا مصروفیات ہیں؟
میں دھرما پروڈکشنز کی فلم '' گوری تیرے پیار میں''کی شوٹنگ میں حصہ لے رہی ہوں۔ عمران خان اور کرینا کپور اس فلم کے مرکزی اداکار ہیں جب کہ ہدایات پنت ملہوترا دے رہے ہیں۔ اس فلم میں میرا کرداردل چسپ اور اہم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں