پرامن انتخابات کیلئے جامع سیکیورٹی پلان پر عمل کرایا جائے آرمی چیف

بلوچستان میں پرامن انتخابات کے لئے7ہزارفوجی اہلکارجبکہ دیگرفورسز کے55ہزاراہلکارتعینات کئے گئے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

فوج آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت بلائی گئی ہے جو انتخابات میں حکومت کی معاونت کرے گی، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ فوٹو: اے پی پی

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ پرامن انتخابات کےلیے جامع سیکیورٹی پلان پر عمل کرایا جائے۔



کوئٹہ میں سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر میں انتخابات کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا جس میں جنرل اشفاق پرویز کیانی کو انتخابات میں سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں پرامن انتخابات کے لئے 7 ہزار فوجی اہلکار جبکہ فرنٹیئر کور، پولیس اور دیگر فورسز کے 55 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے تمام اضلاع میں فوج تعینات کی جاچکی ہے اور فوج اور دوسرے اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے۔


ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے 80 فیصد علاقے میں بیلٹ پیپرز ہیلی کاپٹرز کے ذریعے اور باقی زمینی راستے سے پہنچائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت بلائی گئی ہے جو انتخابات میں حکومت کی معاونت کرے گی۔

Load Next Story