خوف کا ماحول ختم عوام شیرازیوں کی غلامی سے آزاد ہو گئے اویس مظفر

عوام کو یرغمال نہیں بننے دیں گے، 11 مئی کا سورج پی پی کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہوگا، ٹھٹھہ میں جلسہ عام سے خطاب.

ٹھٹھہ میں ہزاروں افراد کی ریلی،جیے بھٹو، جیے بینظیر کے فلک شگاف نعروں سے شہر گونج اٹھا ، رہنماؤں کا پر تپاک استقبال. فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور پی ایس 88سے امیدوار اویس مظفر نے کہا ہے کہ ٹھٹھہ کا سب سے بڑا مسئلہ خوف ہے اور اب خوف کاماحول ختم ہوگیا ۔

ٹھٹھہ کے عوام شیرازیوں کی غلامی سے آزاد ہوگئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسے سے سابق ناظم جامشورو ملک اسد سکندر، پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر شگفتہ جمانی، سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر واحد سومرو ، جام خان شورو ، ڈاکٹر سکندر شورو ، سابق صوبائی وزیر صادق میمن ، عبدالحمید سومرو اور ارباب وزیر میمن نے بھی خطاب کیا ۔

پیپلز پارٹی میڈیا سیل سے جاری تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ شہر میں ہزاروں افراد کی ریلی نئی باران ، نوروڈ ، اونگر ، ارباب پیر ، جھرک سائٹ ، جھرک شیر ، سانپ موری ، سونڈا ، سینگھا ، کینجھر ، چلیا ، ٹھٹھہ چنڈ اور ٹھٹھہ شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی ٹھٹھہ ناتھا گراؤنڈ پہنچی ۔ ریلی کے شرکاء میں زبردست جوش وخروش تھا ، جیے بھٹو، جیے بینظیر کے فلک شگاف نعروں سے ٹھٹھہ شہر گونج اٹھا ۔ ہزاروں افراد نے خوشی میں جھومتے ہوئے پی پی رہنماؤں کا استقبال کیا ۔ ان پر گل پاشی کی گئی ۔ اویس مظفر نے کہا کہ ٹھٹھہ کے عوام خود کو آزاد دیکھیں ۔ اب کوئی گروہ یہاں کے عوام کو یرغمال نہیں بنا سکتا ۔




مجھ پر ہر روز ایک نیا الزام عائد کیا جاتا ہے لیکن 11 مئی کو عوام ہر الزام کا جواب دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی زبردست الیکشن مہم کے باعث ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف ٹھٹھہ آنے پر مجبور ہوئے ۔ 11 مئی کا سورج پیپلز پارٹی کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا ۔ ملک اسد سکندر نے کہا کہ ٹھٹھہ کے عوام داد رسی چاہتے ہیں ۔

شہید بینظیر بھٹو کے بہادر بھائی اور بہادر بہنیں پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان تیرپر مہر لگا کر ٹھٹھہ کے عوام پر ظلم ڈھانے والوں سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اویس مظفر کی کامیابی کے بعد ٹھٹھہ کے عوام اپنے سارے دکھ درد بھول جائیں گے اور ترقی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
Load Next Story