جیسے بھی حالات ہوں الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے احسن اقبال

الیکشن سے 2 ہفتے قبل نیب کی کارروائیاں قبل از الیکشن دھاندلی ہیں، رہنما مسلم لیگ (ن)

مسلم لیگ (ن) زمینی مخلوق پر یقین رکھتی ہے اور وہ ہمارے ساتھ ہے، احسن اقبال فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ الیکشن سے 2 ہفتے قبل نیب کی کارروائیاں قبل از الیکشن دھاندلی ہیں لیکن جیسے بھی حالات ہوں الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔

نارووال میں انتخابی مہم کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پرویز مشرف نے پاکستان میں خون کا بازار گرم کیا، انہوں نے کرپشن کے مگرمچھوں کو ملا کر (ق) لیگ بنوائی۔ ان کے پاس اربوں کے اثاثے ہیں اور وہ دبئی میں مزے کر رہے ہیں لیکن انہیں کوئی نہیں پوچھتا۔ نواز شریف کو شاباش دینے کے بجائے سزا دی جا رہی ہے۔ بتایا جائے کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا کیا قصور ہے۔ جیسے بھی حالات ہوں گے الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔


احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) زمینی مخلوق پر یقین رکھتی ہے اور وہ ہمارے ساتھ ہے۔ ہم ملکی ترقی کے خلاف سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ 25 جولائی کو کامیاب ہوکر ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔ شہباز شریف منجھے ہوئے لیڈر ہیں جب کہ بلاول بھٹو زرداری اور عمران خان کو ایک گھنٹہ بھی حکومت کا تجربہ نہیں۔

چیئرمین نیب سے متعلق سوال پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن سے 2 ہفتے قبل نیب کی کارروائیاں قبل از الیکشن دھاندلی ہیں۔ موجودہ چیئرمین نیب کو پیپلز پارٹی نے نامزد کیا تھا۔ ہم نے چیئرمین نیب کے لئے اچھے نام دئے تھے جو پی پی نے قبول نہ کئے۔
Load Next Story