آئی پی ایل کرکٹ کے ساتھ توہم پرستی بھی عروج پر پہنچ گئی

گمبھیر شکست کے خوف سے پیڈنہیں اتارتے،سرخ رومال جیب میں موجود رہتا ہے.


Sports Desk May 07, 2013
یوسف999نمبرسے قسمت بدلنے کے خواہاں،اسٹین بایاں پیر میدان میں رکھتے ہیں. فوٹو: فائل

آئی پی ایل میں کرکٹ کے ساتھ توہم پرستی بھی عروج پر پہنچی ہوئی ہے۔

گوتم گمبھیر شکست کے خوف سے پیڈ ہی نہیں اتارتے، یوسف پٹھان 999کی شرٹ سے قسمت بدلنے کے خواہاں ہیں، شلپا شیٹھی پسینے میں تر شرٹ پہنے رہتی ہیں، سچن ٹنڈولکر پہلے سے پلاننگ پر یقین ہی نہیں رکھتے۔ تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ میں جہاں ایک طرف کرکٹ کا بخار عروج پر پہنچا ہوا ہے وہ توہم پرستی بھی جاری ہے، کھلاڑی تو کھلاڑی ٹیم مالکان بھی کامیابی کیلیے مختلف چیزوں پر یقین رکھتے ہیں۔ بطور اوپنر کھیلنے والے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان گوتم گمبھیر آؤٹ ہونے کے بعد جب واپس جائیں تو اننگز کے اختتام تک پیڈز نہیں اتارتے۔

انھیں اس بات کا یقین ہے کہ اس سے ٹیم کی کامیابی کا امکان بڑھ جاتا ہے، وہ اس عادت میں گذشتہ سیزن میں مبتلا ہوئے جب اسکواڈ نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ انٹرنیشنل میچز کے دوران ایک سرخ رومال ان کے ٹراؤزر کی داہنی جیب میں موجود ہوتا ہے، جس کے بارے میں گمبھیر کا کہنا ہے کہ یہ میری نانی نے مجھے دیا تھا۔ گمبھیر کے کولکتہ کے ساتھی یوسف پٹھان بھی اپنی خراب فارم سے پیچھا چھڑانے کیلیے مختلف چیزیں آزماتے رہتے ہیں، آل راؤنڈر کی جرسی پر 999 کا نمبر موجود اور ان کا خیال ہے کہ اس سے قسمت بدل سکتی ہے۔



سن رائزرز حیدرآباد کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین فیلڈ میں داخل ہوتے ہوئے ہمیشہ بایاں پاؤں پہلے اندر رکھتے ہیں جبکہ راجستھان رائلز کے کپتان راہول ڈریوڈ دائیاں پاؤں پہلے فیلڈ میں رکھتے ہیں۔ سچن ٹنڈولکر نے حال ہی میں تسلیم کیا کہ وہ ناکامی کے خدشے کے پیش نظر پہلے سے ہی کوئی پلان نہیں بناتے اور نہ ہی کوئی ہدف سیٹ کرتے ہیں۔

ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن کی بھی چند ایک عادات ہیں مگر وہ کسی سے شیئرنہیں کرتے۔ راجستھان رائلز کی شریک مالکہ شلپا شیٹھی نے تسلیم کیاکہ وہ میچ میں اپنی ٹیم کی فتح کیلیے پسینے میں تر شرٹ زیب تن کرتی ہیں جبکہ وہ پہلے ہی اس بات کا اقرار کرچکی ہیں کہ توہم پرست ہونے کی وجہ سے وہ ایک کلائی میں دو گھڑیاں باندھتی ہیں۔ اسی طرح کنگز الیون پنجاب کی مالکہ پریتی زنٹا اپنی ٹیم کے میچ کے موقع پر مندر پر حاضری دینا نہیں بھولتیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں